توشہ خانہ فوجداری کیس، عمران کی دونوں درخواستیں خارج، 10 مئی کو فرد جرم کیلئے طلب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں 10مئی کو طلب کر لیا،عدالت نے عمران خان کے وکلا کی دونوں درخواستیں مسترد کر دیں، ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا،عدالت نے حکم دیا عمران خان ذاتی حیثیت میں 10مئی کو پیش ہوں، 10مئی کو عمران خان پر فرد جرم عائد کی جائے گی،عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے پر درخواست دائر کی ہے، درخواست الیکشن ایکٹ سیکشن 190اے کے تحت دائر کی گئی، سیشن عدالت توشہ خانہ کیس کی براہ راست سماعت نہیں کر سکتی،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کا شکایت کرنا الیکشن ایکٹ سیکشن 190کی خلاف وزری ہے، مجسٹریٹ کیس نہ سنے لیکن اس کے پاس کیس جانے کے بعد سیشن عدالت جانا چاہیے، الیکشن ایکٹ کے تحت شکایت براہ راست آئے تو سیشن جج سماعت ملتوی تک نہیں کر سکتا،وکیل الیکشن کمیشن نے کہا سیشن عدالت کو تین ماہ کے اندر کرپٹ پریکٹس کا فیصلہ کرنے کا حکم ہے، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کی ڈائریکشن دی، الیکشن ایکٹ 190کے تحت فوجداری کارروائی کی شکایت فائل کرنا غیر قانونی نہیں،انہوں نے کہا کہ شکایت دائر کی گئی اور توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوتی رہی، دونوں درخواستیں کیس کو تاخیر کا شکار بنانے کے لیے ہیں،عمران خان کے وکیل گوہرعلی کا کہنا تھا شکایت 120دنوں کے اندر ہی دائر ہونی چاہیے، الیکشن کمیشن کے وکیل نےاعتراف کیا شکایت 120دن بعد دائر ہوئی، سوچ رہا تھا اٹھارویں ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن خود مختار ادارہ بنے گا،عمران خان کی درخواستوں کو الیکشن کمیشن نے غلط لیا ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کو تو شکایت دائر کرنے کا اختیار ہی نہیں، دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد ازاں سنا دیا گیا۔