عمران، بشریٰ کی شادی تقریب ونکاح فراڈ پر مبنی تھا:عون چودھری کابیان قلمبند

اسلام آباد(بیورورپورٹ) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح کے گواہ عون چودھری نے عدالت میں بیان دیا ہے دونوں کی شادی کی تقریب اور نکاح فراڈ پر مبنی تھا،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت نکاح سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں عون چودھری اپنا بیان ریکارڈ کرانے کےلئے پہنچے، سینئر سول جج نصر من اللہ کے روبرو وکیل رضوان عباسی نے عون کا بیان قلمبند کروایا،عدالت میں شناختی کارڈ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا میرا نام عون چودھری ولد حاجی اللہ بخش، ،میں ایڈوائزر ٹو پرائم منسٹر رہا ہوں اور لاہور کا رہائشی ہوں، عون چودھری سے حلف لیا گیاجس کے بعد انہوں نے بیان دیتے ہوئے کہا میں عمران خان کے تمام سیاسی اور ذاتی معاملات کو دیکھتا تھا، عمران خان کی طلاق ریحام خان سے 2015 میں ہوئی، طلاق اس وقت ہوئی جب بشریٰ بی بی نے عمران خان کو کہا فوری طلاق دے دو ، یہ تمہارے لئے بہتر ہے، اس وقت ریحام خان ملک میں موجود نہیں تھیں،لیکن بشریٰ بی بی کے کہنے پر عمران خان نے بذریعہ ای میل طلاق دے دی،عمران خان طلاق کے بعد کافی ذہنی پریشانی کا شکار رہے اور مجھے بشریٰ بی بی کے پاس لے جانے کا کہتے تھے،کچھ ماہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا،31دسمبر 2017 کو کہا کل بشری بی بی کےساتھ نکاح کرنا ہے، عمران خان نے یکم جنوری 2018 کو نکاح کیلئے انتظامات کرنے کا کہا اس پر میں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا بشری بی بی تو پہلے سے شادی شدہ ہیں ،عمران خان نے بتایا بشری بی بی کی طلاق ہو گئی ہے، جس پر میں یقین کرتے ہوئے اگلے دن مفتی سعید کے ہمراہ بمعہ گواہ زلفی بخاری لاہور روانہ ہو گیا، یکم جنوری 2018 کو عمران خان کا نکاح قرار پایا، مفتی سعید نے میرے سامنے طلاق نامے کا پوچھاجس پردونوں یعنی عمران خان اور بشری بی بی نے کہا آپ کو دےدیا جائےگا،نکاح ہونے پر بعد میں پتا چلا پہلے نکاح کے وقت یکم جنوری 2018 تک عدت کا دورانیہ مکمل نہ ہوا تھا، بشری بی بی کو طلاق نومبر 2017 میں ہوئی تھی، اس حساب سے دورانیہ عدت مکمل نہیں ہوا تھا، عمران خان اور بشری بی بی کو بخوبی علم تھااور یہ معاملہ میڈیا پر بھی آگیا تھا، عمران خان نے بلا کر کہا عدت کا دورانیہ 18فروری 2018 کو مکمل ہو گا، اسی تاریخ پر مجھے دوبارہ نکاح کے انتظامات کرنے کا کہا،عدت کا دورانیہ 14یا 18فروری 2018 کے دوران مکمل ہونا تھا، جس پر عمران خان کا دوسرا نکاح بنی گالہ میں ہوا جبکہ پہلا نکاح لاہور میں ہوا تھا، عمران خان کے پہلے نکاح کا پوچھنے پر بتایا گیا بشری بی بی کو حکم ملا تھا سال 2018 کے پہلے دن ہونے کی صورت میں وزیر اعظم بنوں گااسی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پہلے نکاح کی تقریب کی گئی ،عون چوہدری نے بیان میں بتایا عمران خان کی شادی کی تقریب اور نکاح فراڈ پر مبنی تھا، عمران خان نے پیش گوئی کے زیر اثر پہلا نکاح کیا،عدالت میں بیان قلمبند کروانے کے بعد عون چوہدری روانہ ہو گئے جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کر لیے اور مزید سماعت 10مئی تک ملتوی کردی،قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے سینئر سول جج نصر من اللہ بلوچ نے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عون چوہدری کی بطور گواہ طلبی کی درخواست منظور کرلی تھی۔