قاضی فائز کیخلاف ریفرنس فیض حمید سے اوپر سے آیا تھا: عمران خان

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے جنرل باجوہ نے کئی بریفنگز میں کہا ٹینکوں میں تیل نہیں ، میں حیران تھا یہ کس قسم کا آرمی چیف ہے جو یہ بات کرتا ہے،کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا مجھے لگتا ہے میرے خلاف مقدمات کی ڈبل سنچری ہو جائےگی، کرکٹ میں تو میں 170تک ہی پہنچا تھا ڈبل سنچری نہیں ہوئی تھی، آزادکشمیر میں کس نے سب کروایا وہاں کے سابق پی ایم بتا چکے ہیں، ہمارے مذاکرات ٹی ٹی پی نہیں نئی افغان حکومت سے ہوئے تھے، سابق وزیر اعظم نے مزید کہا ہے ٹی ٹی پی وہاں سے آپریٹ کر رہی تھی، ہم نے کہا ان لوگوں کو واپس بھیجیں، جنرل باجوہ بھی تھے اس میں آئی ایس آئی کے سربراہ بھی تھے، ہماری بات چل رہی تھی کیسے ان کو ری ہبلیٹیٹ کرنا ہے لیکن حکومت ہی چلی گئی، پی ڈی ایم حکومت نے آکر پھر کسی چیز کی پرواہ نہیں کی،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس فیض حمید سے بھی اوپر سے آیا تھا، ہمیں بتایا گیا نواز شریف جائیداد پر فارغ ہوا، خود میں نے بھی لندن فلیٹ کا جواب دیا، ہمیں تو بتایا جاتا تھا قانون سب کیلئے برابر ہے لہٰذا فائز عیسیٰ سے بھی جواب لینا ہے بعد میں اندازہ ہوا اس کا مقصد کچھ اور تھا، قبل ازیںعدالت میں پیشی کےلئے اسلام آباد روانگی کے وقت اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کہا 4چیزوں پر میں بات کرنا چاہتا ہوں، عدالت نے طلب کیا ہے، میرے پاو¿ں پر سوجن ہے، اس کے باوجود جا رہا ہوں، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، دوسرے لوگ جو ہر وقت ذلیل حرکتیں کرتے ہیں، ہم ان جیسے نہیں ،عمران خان نے کہا کچھ دن پہلے میں نے لاہور ہائی کورٹ کو صاف کہا مجھے دو بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے، جس کو ہم ڈرٹی ہیری کہتے ہیں، اب مراد سعید کو بھی یہ لوگ کہہ رہے ہیں دہشت گرد ہے،سابق وزیراعظم نے کہا اگر مراد سعید کو کچھ ہوا تو اس کے پیچھے ڈرٹی ہیری ہوگا اور اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کے پیچھے بھی ڈرٹی ہیری ہی ہوگا ،میں سب کو کال دے رہا ہوں آپ سب نے پرسوں ہفتے کے روز اپنے گھروں سے مغرب کے وقت نکلنا ہے،دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان پر درج بغاوت، اقدام قتل اور جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ سمیت 9مقدمات میں سے 7 مقدمات میں 10روز کی ضمانت منظور کرلی،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی، عمران خان عدالت میں پیش ہوئے، سماعت چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی،عمران خان کے وکیل سلمان صفدر روسٹرم پر آئے اور کہا آج غیر معمولی حالات میں ہم عدالت آئے ہیں، جو باہر کا ماحول ہے وہ کچھ اور بتا رہا ہے، عمران خان کے پٹیشنر اور وکیل کی معلومات کے مطابق ہم نے تمام کیسز کی ضمانت کی استدعا کی، عمران خان کل عدالت میں آنے کی پوزیشن میں نہیں تھے لیکن آج آگئے ہیں،وکیل نے کہا عمران خان آج وہیل چیئر پر کمرہ عدالت پہنچے ہیں، ہم ڈائریکٹ ان کیسز میں یہاں نہیں آنا چاہتے تھے ایک کیس میں آج بھی ضمانت لگی ہوئی ہے،عدالت نے کہا ہم عمران خان کو حفاظتی ضمانت دے رہے ہیں، اگر سکیورٹی نہ ہو تو آپ کہتے ہیں سکیورٹی تھریٹ ہے، اگر آپ کہتے ہیں تو آرڈر کر دیتا ہوں تا کہ آئندہ سکیورٹی نہ ملے، آپ کو اپنا بیان ریکارڈ کرانا ہے بتا دیں قانون میں کچھ استثنیٰ ہے تو بتا دیں، تفتیشی افسر موجود ہیں آپ اپنا بیان ریکارڈ کرا دیں،عمران خان کے وکیل نے کہا یہاں ہی بیان ریکارڈ کرا دیتے ہیں اس پر عدالت نے کہا بیان ریکارڈ کرانے کا ایک طریقہ ہے اس کی آپ نے پیروی کرنی ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق نے کہا ہم اس متعلق آرڈر پاس کریں گے، ہم آپ کو ریلیف دینا چاہ رہے ہیں آپ نہیں لینا چاہتے تو ٹھیک ہے،اس دوران ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے میڈیکل رپورٹ پر اعتراض عائد کیا اور کہا عمران خان نے پرائیویٹ ہسپتال کی رپورٹ پیش کی جو قابل قبول نہیں، اس پر فواد چودھری بولے میڈیا والے کھڑے ہیں، ٹکرز چل رہے ہوں گے مجھے بھی کچھ ریکارڈ پر لانے دیں بعدازاں فواد چودھری روسٹروم پر آگئے،فواد چودھری نے کہا سابق وزیراعظم زخمی حالت میں آئے مگر ان کی گاڑی کو اندر نہیں آنے دیا گیا اس پر ایڈووکیٹ جنرل بولے عمران خان کی پیشی کے موقع پر موٹرسائیکل اور گاڑیاں جلائی گئیں،دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد اور فواد چودھری کے درمیان تکرار ہوئی اور فواد چودھری بار بار بولے جس پر ججز اٹھ کر چلے گئے،بعد ازاں عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو کچھ دیر بعد سنادیا گیا، عدالت نے 9مقدمات میں سے 7میں عمران خان کی 10 روز کے لیے ضمانت منظوراور2میں توسیع کر دی۔