ڈاکٹر سہیل سلیم کا پاکستان کرکٹ بورڈ میں واپسی کا امکان

لاہور (مشرق نیوز) ڈاکٹر سہیل سلیم پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز کے عہدے پر واپس آ سکتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سہیل سلیم کی پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی عہدیداران سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف میڈیکل آفیسر کی موجودگی میں پی سی بی نے ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ سپورٹس سائنسز کا عہدہ متعارف کرا دیا ہے۔ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز سمیت 6 عہدوں کیلئے اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی اینڈ اینٹی کرپشن کے کنسلٹنٹ، ڈائریکٹر اور جی ایم، منیجر سیکیورٹی اور سینئر منیجر اینٹی کرپشن کے لیے بھی اشتہار دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر سہیل سلیم احسان مانی کے دور میں ہیڈ آف میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے عہدے سے الگ ہو گئے تھے، ان کے پی ایس ایل میں کووڈ پروٹوکولز کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر بورڈ سے اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔بعدازاں ڈاکٹر نجیب سومرو کو اگست 2021میں چیف میڈیکل آفیسر مقرر کر دیا گیا تھا۔