میٹروپولیٹن کارپوریشن:غیرقانونی تعمیرات میں مبینہ ہیراپھیری، ادارے کو کروڑوں کا نقصان

لاہور ( خبر نگار ) صوبائی دارالحکومت میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کےلئے ریکارڈ میں ہیرا پھیری کی وجہ سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو کروڑوں کی آمدن سے ہاتھ دھونا پڑ گئے ، ناقص حکمت عملی اور قابل افسروں کی ادارے میں کوئی جگہ نہ بننے کی وجہ سے آمدن کا ہدف تاریخ کی پست ترین سطح پر آن پہنچا۔ محتاط اندازے کے مطابق دو سالوں کے دوران پورے لاہور میں غیر قانونی کمرشل تعمیرات کا گراف ہزار فیصد سے بھی تجاوز کر گیاہے، اگر ان تعمیرات کی موقع کے مطابق نقشہ فیسیں سرکاری خزانے میں جمع کرائی جاتیں تو یقینا سرکار کو کروڑوں کا فائدہ ہوتا، مگر ناجائز کمرشل تعمیرات سے عوض انفرادی فائدے لئے جاتے رہے ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ 9 زونوں کی حدود میں اب بھی سینکڑوں غیر قانونی پلازے اور پارٹمنٹس، فلیٹ اور کاروباری مراکز کی تعمیر جاری ہے اور اگر موقع کے مطابق ان کے نقشہ جات کی منصفانہ چیکنگ کی جائے تو 90فیصد سے زائد کا سرکاری ریکارڈ میں اندراج غلط ثابت ہو گا۔ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ کی دست راست زونل آفیسر پلاننگ سمیرا چوہان کے نشتر زون سے ہی اگر انسپکشن کا آغاز کرلیا جائے تو کروڑوں کا فراڈ مل سکتا ہے، اسی طرح سمن آباد، واہگہ، داتا زون، گلبرگ سمیت باقی زونوں میں بھی خفیہ تحقیقات کی جائیں اور موقع کی تعمیرات کا ریکارڈ کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو کروڑوں روپے کا سرکار کو چونا لگانے کے ان مٹ ثبوت مل جائیں گے۔