اسلام آباد ( ) وزیراعظم کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔
وزیراعظم نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا گزشتہ نااہل حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم درآمد کرنے والا ملک بنا۔
اس سال گندم کی گزشتہ 10 سالوں کی نسبت زیادہ پیداوار ہوئی، حکومت کے کسانوں کو معیاری بیج اور کھاد کی فراہمی کی بدولت شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا، آئندہ سال حکومت اور بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے کہا گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے، تمام تر مالی مشکلات کے باوجود بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، صوبائی اور وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خریدیں تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے، تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں۔
گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

















