مذاکرات منگل تک ملتوی:حکومت نے ستمبر میں الیکشن کروانے کی تجویز دیدی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)حکومت اور تحریک انصاف میں مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو گیا، حکومتی اتحاد اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات منگل تک ملتوی کر دیئے گئے، فریقین کی جانب سے مثبت پیشرفت کی نوید سنائی گئی ہے،حکومت نے ستمبر میں الیکشن کروانے کی تجویز دیدی،دوسری جانب وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ذرائع کے مطابق حکومت نے ستمبر میں انتخابات کروانے کی تجویز دی ہے جس پر پی ٹی آئی وفد نے عمران خان سے بات کرنے کی حامی بھرلی ،ذرائع نے کہا ہے پی ٹی آئی رہنماو¿ں نے جولائی میں انتخابات کا مطالبہ کیا جس پر حکومت نے جون میں بجٹ پیش کرنے کی حکومتی مجبوری ظاہر کی،علاوہ ازیں حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے دوسرے راو¿نڈ کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا دونوں طرف سے مثبت پیشرفت ہوئی ، منگل کو 11بجے دوسری ملاقات ہو گی،اسحاق ڈار نے کہاکوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، دونوں سائیڈ کے پروپوزل کو میڈیا پر شیئر نہیں کر سکتا، ہم تجاویز کو حکومت اور اتحادیوں کے سامنے رکھیں گے، آج کی بات چیت کو قائدین سے شیئر کریں گے،دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج مذاکرات کی دوسری نشست ہوئی، کل بنیادی نقطوں پر پیشرفت ہوئی تھی ان کو آگے بڑھایا گیا،انہوں نے کہا ہم نے آج مناسب پیشرفت حاصل کی، تحریک انصاف نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا، چھٹیوں کی وجہ سے ہماری اگلی نشست منگل کو ہو گی،شاہ محمود قریشی نے کہا آج ہم لاہور جائیں گے، پیشرفت پر پارٹی چیئرمین عمران خان کو اعتماد میں لیں گے، وقفہ کیا ہے ہم اپنی لیڈر شپ سے بات کریں اور وہ اپنے اتحادیوں سے بات کریں،انہوں نے کہا آج اسلام آباد کی گرفتاریوں کا کوئی جواز نہیں تھا، گاڑیوں میں بیٹھے لوگوں کو اٹھا لیا گیا، ہم نے مذاکرات میں گرفتاریوں کا معاملہ اٹھایا، مذاکراتی کمیٹی کو ہماری بات سمجھ آئی تو کارکنان کو رہا کر دیا گیا،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا مذاکرات بڑے اچھے ماحول میں ہوئے، مذاکرات کے ساتھ گرفتاریوں کا معاملہ پورے عمل کو تباہ کر دے گا، اسلام آباد میں 33کے قریب کارکنان کو گرفتار کیا گیا، حکومتی وزرا کہہ رہے ہیں وہ گرفتار نہیں کر رہے،فواد چودھری نے کہا اگرمعاملات کو بہتری کی جانب لے جانا ہے تو گرفتاریوں کا سلسلہ نہیں ہونا چاہیے، فرخ حبیب کو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا، علی امین گنڈا پور کی ضمانت کے بعد انہیں پھر گرفتار کر لیا گیا، جو بھی گرفتاریاں کر رہا ہے وہ مذاکرات کو خراب کر رہا ہے،سابق وفاقی وزیر نے کہا آئین کے اندر رہ کر ہم نے اپنا موقف پہنچا دیا ہے، وہ ہماری گفتگو کو اپنی لیڈر شپ کے سامنے رکھیں گے، ضروری ہے ماحول کو بہتر رکھنا ہو گا ورنہ معاملات ڈی ریل ہو جائیں گے،مذاکرات سے قبل چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے پی ٹی آئی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سیاسی تناو¿ کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی تجویز دی،اس سے قبل چیئرمین سینٹ نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے بھی مشاورت کی تھی،دریں اثنا قبل قائد ایوان سینٹ سینیٹر اسحاق ڈار کے چیمبر میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ارکان کی اہم بیٹھک ہوئی،اسحاق ڈار کے علاوہ یوسف رضا گیلانی، اعظم نذیر تارڑ اور نوید قمر شریک ہوئے اور حکومتی ٹیم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت مکمل کی،دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور فواد چودھری کو ہدایت کرتے ہوئے کہا حکومت فوری اسمبلی توڑکرالیکشن کرانا چاہتی ہے توہی بات کریں، اگردوبارہ وہی ستمبر اکتوبر کی بات کرتے ہیں تو بات کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔