فرخ حبیب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا،گرفتاری سے بچ نکلے

لاہور(خبرنگار،کرائم رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کو بیرون ملک جانے سے روک دیا،فرخ حبیب پی آئی اے کی پرواز پی کے 203کے ذریعے دبئی جارہے تھے، ان کا نام سٹاپ لسٹ میں ہونے کی وجہ سے روکا گیا ہے،ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے ائیرپورٹ پر فرخ حبیب کو گرفتار کرنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ بچ کر ائیرپورٹ سے واپس روانہ ہوگئے،ایف آئی اے نے فرخ حبیب کا پاسپورٹ، بورڈنگ کارڈ اور دستی سامان قبضے میں لے لیا ۔ فرخ حبیب نے آج دوپہر دو بجکر دس منٹ پر دبئی روانہ ہونا تھا،اس حوالے سے رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے فسطائیت اور فاشزم عروج پر ہے، میرے فیملی ممبر جن کا لیور ٹرانسپلانٹ ملک سے باہر ہورہا ہے ، ان کی عیادت کیلئے ملک سے باہر جارہا تھا ،ان کاکہنا تھا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے روک دیا، میرا پاسپورٹ اور ہینڈ کیری ان کے پاس موجود ہے۔