ادویات 14 سے 20 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری
اسلام آباد (مشرق نیوز) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ادویات 14 سے 20 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری دےدی۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں روز ویلٹ ہوٹل، گندم کی خریداری اور ادویات مہنگی کرنے سمیت متعدد معاملات پر بات کی گئی۔ ای سی سی نے ایک بار کیلئے ادویات کی قیمتوں میں 14 سے 20 فیصد تک اضافے کی اجازت دےدی، ضروری اور جان بچانے والی ادویات مہنگائی کے 70 فیصد کے تناسب سے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی یعنی ان ادویات کی خوردہ قیمت (پرچون قیمت) میں 14 فیصد تک اضافہ کیا جاسکے گا۔ اسی طرح عام دوائیں بھی مہنگائی کے 70 فیصد کے برابر مہنگی کرنے کی اجازت دی گئی ہے مگرانکی قیمت میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کیا جا سکے گا۔

















