نقوی سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات،دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

لاہور ( خبرنگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں چاول، گوشت، آم اور دیگراشیاءکی ایکسپورٹ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کوایران کے دورے اور اصفہان میں ہینڈی کرافٹس نمائش میں شرکت کی دعوت دی۔ محسن نقوی نے ایران کے دورے کی دعوت دینے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان اور ایران ثقافتی او رمذہبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔آنے والے وقت میں دونوں ملکوں میں تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے ،اصفہان میں ہونے والی ہینڈی کرافٹس کی نمائش میں پنجاب کا وفد شرکت کرےگا، چاول، گوشت،آم اور دیگر اشیاءکی ایران کیلئے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ممکنہ اقدامات کریں گے،پنجاب ایگریکلچراینڈ میٹ کمپنی سے متعلق ایشوز کو جلد حل کیاجائے گا۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقا ت ہیں اور ان تعلقات کو درخشاں اور تابناک دیکھتے ہیں، ایران میں 60فیصد چاول پاکستان سے آتے ہیں۔ چاول، گوشت، آم اور دیگر اشیاءمیں دو طرفہ تجارت بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے۔ محسن نقوی نے رمضان المبارک میں کھجور اور دیگر پھلوں کے ٹرک پاکستان بھجوانے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن او رچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے،دریں اثناءنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقدہوا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو لاہور کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آبادانڈر پاس پراجیکٹ کو بروقت پایہ تکمیل تک نہ پہنچانے پر نا پسندیدگی کاا ظہار کیا۔محسن نقوی نے داتا دربار پارکنگ پراجیکٹ بروقت آپریشنل کرنے پرمحکمہ اوقاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو شاباش دی اورپی ایچ اے کو لاہور ائیر پورٹ پر رن وے کے سا تھ ساتھ شجرکاری کا ٹاسک دیا۔اجلاس میں لاہور کی 54سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور بحالی کے پراجیکٹ پربریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ لاہور کی سڑکوں کے ساتھ فٹ پاتھ ، سائیکل او ربائیکرز ٹریکس بھی بنائے جائیںگے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیاکہ شہر خموشاں اتھارٹی کے تحت لاہو رکے 4ماڈل قبرستان چند ہفتے میں مکمل ہوجائیںگے اور صوئے اصل، اصل سلیمانی، بھائی کوٹ رائےونڈ روڈ،آہلوماڈل قبرستانوں کے لئے 5بسیں مہیا کی جائیں گی جبکہ ماڈل قبرستانوں کے لئے 3ایمبولینسیں آپریشنز کے لئے 1122کے سپرد کردی گئی ہیں۔بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ داتا دربار ون وے انٹری کو جلد ا زجلد آپریشنل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیرہاﺅسنگ و اوقاف اظفر علی ناصر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،سیکرٹریز ہاﺅسنگ، فنانس ،ٹرانسپورٹ،لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو،اوقاف، سی بی ڈی،رنگ روڈاتھارٹی، ٹیپا، سول ایوی ایشن اوردیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ چیف سیکرٹری ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔