قومی اسمبلی میں الیکشن فنڈز دینے کی سمری پھر مسترد، تین جج پی ٹی آئی کی سہولت کاری کررہے ہیں:وفاقی وزرا

اسلام آباد(بیورورپورٹ) پارلیمنٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشنز کےلئے فنڈز دینے کی تحریک پھر مسترد کردی،سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا سپریم کورٹ نے ایک بار پھر الیکشن کے لیے 21 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا ہے، کیا یہ ایوان وفاقی حکومت کو پنجاب اور کے پی الیکشنز کےلئے 21 ارب کے فنڈز جاری کرنے کیلئے ایوان میں بل پیش کرنے کی اجازت دیتا ہے،بعدازاں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تین جج پی ٹی آئی کی سہولت کاری کررہے ہیں، ہمیں ان کا کوئی فیصلہ منظور نہیں، مذاکرات سپریم کورٹ کا کام نہیں، کسی کے تحفظ اور اس کے مقصد کے لیے کیے گئے فیصلے قابل قبول نہیں،انہوں نے مزید کہا کسی تین دو کے فیصلے پر وزیراعظم نے اپنی کرسی نہیں چھوڑنی، ہمیں تین دو کے فیصلے قبول نہیں، تین دو کے سوا باقی سپریم کورٹ کے فیصلے ہمیں قبول ہیں۔