ایل ڈی اے حکام کی ملی بھگت: غیر قانونی فیکٹریوں، کارخانوں اور کولڈ سٹوریج کی تعمیرات جاری
لاہور ( قاسم رضا سے ) ایل ڈی اے حکام کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی فیکٹریاں ، کارخانے اور کولڈ سٹورز کی تعمیرات سے سرکاری خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا نقصان ، لینڈ مافیا بڑے دھڑلے سے عمارتیں تعمیر کروا رہے ہیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ اللہ ہو انڈسٹریل ایریا میں ایل ڈی اے ٹاﺅن پلاننگ زون 7 کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے غیر قانونی فیکٹریاں ، کارخانے اور کولڈ سٹورز کی تعمیرات جاری ہیں ٹاﺅن پلاننگ حکام کا کارروائی سے انکاری سمجھ سے بالاتر ہے، بلڈنگ مالکان عملہ کی ملی بھگت سے پلازوں کی تعمیر میں قوانین کی سر عام خلاف ورزی کرنے لگے ۔ تفصیلات کے مطابق اللہ ہو انڈسٹریل ایریا میں ایل ڈی اے ٹاﺅن پلاننگ زون 7 میں لینڈ مافیا بڑے دھڑلے سے غیر قانونی فیکٹریاں ، کارخانے اور کولڈ سٹورز تعمیرات کروا رہے ہیں ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بااثر مالکان ایل ڈی اے سے نقشہ منظور کرائے بغیر تعمیر ات کر وا کر ایل ڈی اے کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ۔ بتایا گیا ہے کہ مبینہ طور پر مالکان نے ایل ڈی اے ٹاﺅن پلاننگ کے متعلقہ حکام کی ملی بھگت سے بغیر نقشہ درجنوں فیکٹریاں ، کارخانے اور کولڈ سٹورز زیر تعمیر ہیں جس کے باعث قومی خزانہ اربوں روپے کے ریونیو سے محروم ہورہا ہے ۔ موقف کیلئے رابطہ کرنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر غفران نے روزنامہ مشرق لاہور کو بتایا کہ میڈیا والے ایسے ہی خبریں دیتے رہتے ہیں اصل حقائق اس کے برعکس ہیں ۔

















