اسلام آباد (بیورورپورٹ)ادارے حدود میں رہیں،سپریم کورٹ خود کو سیاست سے دور رکھے،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا،5 صفحات پر مشتمل خط کے متن میں کہا گیا آرٹیکل 79 سے 85 تک فیڈرل کنسالیڈیٹڈ فنڈ کی منظوری کا اختیار اراکین قومی اسمبلی کو دیتے ہیں، آرٹیکلز کے پیش نظر آپ کو ایوان کے تحفظات سے آگاہ کرنے کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔
تحفظات عدالت عظمیٰ کے 3رکنی بنچ کے 14 اور 19 اپریل 2023 کے فیصلوں سے متعلق ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلوں میں سٹیٹ بینک ،فنانس ڈویژن کو الیکشن کمیشن کو 21 ارب جاری کرنے کی ہدایت کی گئی، ہدایات اس امر کے باوجود جاری کی گئیں قومی اسمبلی رقم کے اجراءکو مکمل طور پر رد کر چکی تھی، اراکین قومی اسمبلی سمجھتے ہیں اس طرح قومی اسمبلی کے 2معاملات قانون سازی اور مالیاتی اختیارات پر تجاوز کیا گیا۔
خط میں مزید کہا گیا اراکین اسمبلی نے 3رکنی بنچ کے احکامات پر تشویش کا اظہار کیا اور بے چینی کا باعث قرار دیاقومی اسمبلی کے اقدامات کو نظر انداز کیاگیا، آپ کی توجہ آرٹیکل 73 کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں، آرٹیکل مالیاتی اختیارات خاص طور پر قومی اسمبلی کو تفویض کرتا ہے۔
مالی بل کو پاس کرنا یا نہ کرنا قومی اسمبلی کا اختیار ہے،پارلیمان عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے، اداروں کو اپنی حدود سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے، سپریم کورٹ خود کو سیاست سے دور رکھے، سیاسی معاملات پارلیمان اور سیاسی جماعتوں کو ہی حل کرنے دیں، التجا ہے پارلیمان کے قانون سازی کے اختیار کو عزت دیں،ملکر آئین اور جمہوری اقدار کا تحفظ کرنا چاہیے،آئینی حدود میں رہ کر اداروں کے درمیان محاذآرائی سے بچا جا سکتا ہے، ماضی میں عدلیہ نے بہت سے غیر جمہوری اقدامات اٹھائے، عوام نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بہت قربانیاں دی ، ہمیشہ سیاست دانوں کو انتقام کا نشانہ بنایا گیا ، عدالتی فیصلے سے پارلیمان کا استحقاق مجروح ہوا،حقائق جاننے کے باوجود 3 رکنی بنچ نے وفاقی حکومت کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ایسی محاذ آرائی قومی مفاد کیلئے نقصان دہ ہے، قومی اسمبلی عوام کی طرف سے دئیے گئے اختیارات کا بھرپور دفاع کرے گی۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو خط لکھ دیا، خط کی کاپی اٹارنی جنرل اور رجسٹرار کے دفتر کو بھی ارسال کر دی گئی۔
ادارے حدود میں رہیں،سپریم کورٹ خود کو سیاست سے دور رکھے،سپیکر کا چیف جسٹس کو خط

















