لاہور (نوید چودھری) میٹرپولیٹن کارپوریشن کے نالائق اور سفارشی افسروں کی کمشنر لاہور ڈویژن کےخلاف منظم سازش بے نقاب، بلدیہ عظمیٰ کے انتظامی معاملات میں پیدا شدہ خلاءکو پر کرنے کےلئے کمشنر کی خدمات حاصل کرنے کی بجائے انہیں غیر ضروری امور میں الجھا کر تھکانے کی بھرپور کوشش ہو رہی ہے تاکہ بد عنوان افسروں کی لاقانونیت اور کرپشن کا میٹرچلتا رہے۔ ماضی قریب میں کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا کی دبنگ انٹری کے بعد چیف کارپوریشن آفیسر علی عباس بخاری کی سربراہی میں تمام کرپٹ اور نااہل افسروں نے متحد ہو کر کمشنر کو آئندہ معاملات میں مداخلت سے روکنے کی خاطر دیگرامور میں الجھا نے کی سازش کی تھی جس کے بعد سربراہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی توجہ کافی حد تک کم ہو تی دیکھی گئی ہے، واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ کمشنر کی جانب سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اکثر افسر و ماتحتوں کے خلاف متعدد شکایات پر کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔ آڈٹ ٹیم کی جانب سے ریکارڈ کی دستیابی اور افسروں کے منافقانہ رویے پر شدید خدشات بارے کمشنر لاہور ڈویڑن کو آگاہ کیا گیا تھا مگر اسے سنجیدگی سے نہ لیا گیا یہی وجہ ہے کہ آڈٹ شدید متاثر ہو ا۔ ذرائع سے معلوم ہواہے کہ آڈٹ ٹیم کو سب سے زیادہ ردعمل کا سامنا پلاننگ برانچ سے کرنا پڑا جہاں تنازعات سے بھرپور فائلیں آج بھی آڈٹ ٹیم کو فراہم نہیں ہوسکی ہیں، ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ صرف تین سال کے عرصہ میں غیرقانونی تعمیرات اور ریکارڈ میں رد و بدل کے ذریعے سرکاری خزانے کو تقریباً 2 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا ہے مگر آڈٹ ٹیم کو معمولی خرد برد کے کیس فراہم کرکے مذکورہ ریکارڈ تک رسائی ناممکن بنا ئی گئی ہے۔
میٹرپولیٹن کارپوریشن : نالائق ،سفارشی افسروں کی کمشنر لاہور کےخلاف منظم سازش بے نقاب


















