آئندہ ہفتے بارشوں کا طاقتور اور طویل سسٹم ملک میں آنے کا امکان

لاہور (مشرق نیوز) آئندہ ہفتے 27 یا 28 اپریل کو بارشوں کا طاقتور اور طویل سسٹم ملک پر اثر انداز ہو سکتا ہے جو 6 یا 7 مئی تک ملک پر اثر انداز رہےگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دن ملک کے بیشتر مقامات پر مطلع صاف، موسم خشک اور گرم رہے گا جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق شہر قائد کراچی میں درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بن سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ ایران کے قریب بحیرہ عرب میں سرکولیشن بھی بنی ہوئی ہے۔سندھ کے بیشتر مقامات گرم اور خشک موسم کی لپیٹ میں ہیں۔موسمیاتی تجزیہ کار کا بتانا ہے کہ سندھ، بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں اس سسٹم کے زیرِ اثر اچھی بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے 80 سے 90 فیصد علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔