مشکل دور ،ریلیف کیلئے کوشاں،عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی شامل کریں،شہبازشریف

لاہور(خبر نگار)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،میری دعا ہے مبارک گھڑی سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لےکر آئے، اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کےساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں۔

مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار ومحبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے،سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں،اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے درپیش معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے،ہر ممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔

سب کو پاکستان کی بہتری کی تعمیری سوچ، یکسوئی اور مسلسل محنت سے اپنے کھوئے مقام اور منزل تک پہنچنا ہے،محنت ومشقت ملک وقوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی،ہم وطنوں سے گزارش ہے عید پر سیلاب متاثرین کو بھی نہ بھولیں۔