عید پر گھروں کو لوٹنے والے مسافروں کو ہرممکن سہولت فراہم کررہے ہیں :سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی
لاہور (کامرس رپورٹر) عیدالفطر پر پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او فائق احمد کے حکم پر لاہور شہر کے 11 مختلف مقامات پر ٹرانسپورٹ انفورسمنٹ کے افسران پر مشتمل ٹیمیں اوور چارجنگ و اوور لوڈنگ کےخلاف تعینات کی گئی ہیں۔ اوور چارجنگ کےخلاف تعینات کئے گئے یہ خصوصی سکواڈ دو شفٹوں میں کام کریں گے۔ عیدالفطر پر بغیر روٹ پرمٹ اور بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ جبکہ اپنے گھروں کو لوٹنے والے مسافروں سے اوورچارجنگ کی صورت میں زائد کرایہ واپس کروایا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاروائی لاہور شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت 11 مختلف مقامات جس میں شاہدرہ چوک ، نیازی شہید چوک، بھاٹی چوک، سکیم موڑ، جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ، گجومتہ و دیگر شامل ہیں۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر فائق احمد کا کہنا ہے کہ عید کے پر مسرت موقع پر گھروں کو لوٹنے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں اور گھروں کو لوٹنے والے مسافروں سے اوور چارجنگ کو بالکل برداشت نہیں کیا جائےگا۔ ڈپٹی جنرل منیجر انفورسمنٹ فیصل یوسف فیلڈ سٹاف کو خود مانیٹر کررہے ہیں اور مسافروں کو ممکن پیش آنےوالی مشکلات کے ازالہ کیلئے فیلڈ میں موجود ہیں۔انفورسمنٹ ونگ کاروائیوں کے ساتھ ساتھ مسافروں کی رہنمائی بھی کررہا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کا انفورسمنٹ ونگ عیدالفطر پر اوورچاجنگ و اوورلوڈنگ پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور سٹی ٹریفک پولیس کے ساتھ جوائنٹ کاروائیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

















