ایک ہی دن انتخابات، حکومت کا مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی سے باضابطہ رابطہ

اسلام آباد/ لاہور (بیورو رپورٹ+ خبرنگار) ایک ہی دن انتخابات، حکومت کا مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی سے باضابطہ رابطہ، تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کے معاملے پر حکومتی نامزد کردہ نمائندوں نے تحریک انصاف سے باضابطہ مذاکرات کےلئے رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے نامزد کردہ نمائندے سردار ایاز صادق، سعد رفیق و دیگر رہنماو¿ں نے سابق سپیکر اسد قیصر سے رابطہ کرکے کہا آپ سے باضابطہ بات چیت کےلئے رابطہ کررہے ہیں، اسد قیصر نے حکومتی نمائندوں کے رابطے سے پارٹی سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کردیا۔

اسد عمر نے کہا رابطہ اچھی بات ہے، حکومتی نمائندے سپریم کورٹ میں دوران سماعت پیشرفت سے آگاہ کردیں،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی و حکومتی نمائندوں کی ملاقات کب ہوگی، حتمی طور پر کچھ طے نہیں ہوسکا، حکومتی اتحاد نے ابھی تک پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کےلئے دن اور وقت طے نہیں کیا۔

ادھر سرکاری چھٹی کے روز بھی وزیراعظم شہبازشریف کی لاہور میں بھرپور سیاسی مصروفیات جاری رہیں۔ شہباز شریف سے ماڈل ٹاون میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت اور قانونی ماہرین نے اہم ملاقاتیں کیں،دوران ملاقات وزیراعظم نے لیگی رہنماوں ،قانونی ماہرین سے ملکی سیاسی و آئینی صورتحال اور ملک میں ایک ہی دن انتخابات کرانے کے کیس پر تفصیلی مشاورت کی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں سعد رفیق، ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان، لیگی رہنما شزا فاطمہ، سابق وفاقی وزیر قانون زاہد حامد اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان شامل تھے۔