دربار حضرت داتا گنج بخشؒ مزار کی کار پارکنگ تزئین و آرائش کے بعد فعال
لاہور (اپنے نمائندے سے) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دربار حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی کار پارکنگ تزئین و آرائش کے بعد فعال کر دی گئی۔ صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید اظفر علی ناصر نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی بیسمنٹ میں وسیع و عریض کار پارکنگ کا افتتاح کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید اظفر علی نے کہا کہ داتا دربار کی کار پارکنگ کو 13 سال کے بعد دوبارہ فعال کردیا گیا ہے۔ کار پارکنگ میں 200 گاڑیاں بیک وقت پارک کرنے کی گنجائش ہے۔ کار پارکنگ کے فعال ہونے سے زائرین کیلئے اہم سہولت تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ دربار حضرت داتا گنج بخشؒ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ پارکنگ میں سکیورٹی اور سرویلنس کیلئے جدید آلات کی تنصیب کی گئی ہے۔ یہاں کنٹرول روم موجود ہے اور سکیورٹی کیمرے بھی نصب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کو عوام کی سہولت کیلئے اقدامات کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور محکمہ اوقاف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے تین دن میں کارپارکنگ کو فعال کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا 13 سال پہلے ایک عبرتناک حادثہ پیش آیا جس کے بعد پارکنگ کو بند کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بہترین ٹیم کے ساتھ ہی مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ بہتر قیادت کی وجہ سے محکمہ اوقاف کے ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے تین ماہ میں ایسے اقدامات کئے جو آنے والی حکومتوں کیلئے ایک مثال ہوں گے۔ مفت آٹا پروگرام کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ساڑھے چار کروڑ آٹے کے تھیلے مستحقین میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ عوام کا پیسہ براہ راست مستحق افراد تک پہنچایا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
















