عید پر زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ، بشریٰ بی بی کا وزیراعظم کو خط
لاہور (مشرق نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین، سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے وکلاءکے توسط سے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو خط لکھ دیا۔ بشریٰ بی بی کے خط میں کہا گیا ہے کہ عید الفطر پر زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے، پہلے بھی عدالتی حکم کےخلاف آپریشن کیا گیا تھا۔ خط میں بشریٰ بی بی نے ممکنہ آپریشن روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمان پارک میں آپریشن ہوا تو اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کیا جائےگا۔ واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے اس ضمن میں لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست خارج کئے جانے اور وکیل پر جرمانہ کرنے کے بعد وزیراعظم اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو خط لکھا ہے۔ گزشتہ روز زمان پارک میں عید کی تعطیلات کے دوران زمان پارک میں ممکنہ آپریشن روکنے کیلئے بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کو لاہور ہائی کورٹ نے ایک لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ خارج کر دیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وکیل اظہر صدیق کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کر دیا تھا۔ درخواست میں وزارتِ داخلہ، آئی جی پنجاب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا تھا۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہو گا، پہلے بھی عمران خان کی غیرموجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دیا جائے۔
















