اسلام آباد (بیورورپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ڈائیلاگ سیاسی جماعتوں کا کام ہے،کوئی بھی بندوق کے زور پر مذاکرات نہیں کرا سکتا،سپریم کورٹ میں پنچائت لگا کر اتحادیوں کو نہیں منا سکتے،ون یونٹ پالیسی لاگو کرنے کی سازش کی جارہی ہے، مسائل کا حل نہیں نکلتا تو وفاق اور جمہوریت کو خطرہ ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے دو ٹوک موقف اپنایا کوئی بھی بندوق کے زور پر مذاکرات نہیں کرا سکتا،ایک صوبے میں انتخابات پہلے ہو جاتے ہیں تو اثر باقی 3صوبوں میں پڑےگا،الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، 90 دن کی آڑ میں پنجاب کا الیکشن کرانے کی سازش ہے،پنجاب میں پہلے الیکشن ہوتے ہیں تو خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان پر اثر کرےگا، ون یونٹ لاگو کرنے کےلئے بیک ڈور سے سازش کی جا رہی ہے،معاشی حالات نے عام آدمی کا جینا حرام کر دیا۔
ملک میں سیاسی استحکام ہو گا تو معاشی استحکام ہو گا، عام آدمی کو 3-4کے بنچ سے کوئی دلچسپی نہیں، عام آدمی کو سیاسی جماعت کے بیان سے دلچسپی نہیں، عام آدمی کو بھوک، بچوں کو سکول اور والدین کی دوا کی فکر ہے، کوشش کر رہے ہیں عام آدمی کو مسائل سے نکالیں،سپریم کورٹ کا عوام کے سامنے ٹرائل چل رہا ہے، عدالت میں جو ہو رہا وہ افسوسناک ہے، تاریخ میں عدلیہ میں اتنی تقسیم نہیں تھی، امید ہے چیف جسٹس اپنے ادارے میں اتحاد قائم کرکے عہدہ چھوڑیں گے۔
بلاول بھٹو نے مزید کہاجمہوریت کافی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے، خطرے موجود ہیں لیکن کوشش ہے جمہوریت کو بچائیں، پہلے بھی مذاکرات کےلئے کوشش تھی اتحادیوں کو ایک پیج پر لائیں، میں پر امید تھا عید کے بعد سربراہ اجلاس کا مثبت نتیجہ نکلے گا، کوشش ہو گی فضل الرحمن کو قائل کریں، تحفظات دور کریں،سپریم کورٹ قانونی فورم ہے، پارلیمنٹ سیاسی فورم ہے، چاہتے ہیں ہر ادارے کی عزت کی جائے۔
پارلیمان کی عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،پارلیمان نے ایگزیکٹو کو پابند کیا 4-3بنچ کے فیصلے پر عمل کرنا ہے، پی ڈی 4-3کے فیصلے اور پارلیمان کے ساتھ کھڑی ہے، کسی اور ادارے میں سیاسی بات چیت سے اتحادیوں کو منانا مشکل ہوگا،سپریم کورٹ میں پنچائت لگا کر اتحادیوں کو نہیں منا سکتے، زبردستی اکثریتی فیصلے کو سر پر گن رکھ کر مسلط کیا جا رہا ہے، سمجھتے ہیں سیاسی قوتوں کے درمیان بات چیت ضروری ہے،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزیدکہا پاکستان کی نمائندگی کرنے بھارت جاوں گا، بھارت میں ایس سی او کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا۔
کوئی بھی بندوق کے زور پر مذاکرات نہیں کرا سکتا،بلاول بھٹو
















