ڈرایا جا رہا ہےالیکشن سے پیچھے ہٹ جائیں: پی ٹی آئی وکیل

لاہور (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے وکیل نے کہا ہے کہ ہمیں ڈرایا جا رہا ہے کہ الیکشن سے پیچھے ہٹ جائیں۔ عمران خان سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماﺅں کے خلاف مقدمات کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی کی تشکیل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم حکم امتناع کی درخواست پر سماعت کرتے ہیں، مین پٹیشن پر بعد میں سماعت کریں گے۔ عدالت نے تحریک انصاف کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ حکم امتناع کی درخواست پر دلائل دیں۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات لگائی گئیں جو نہیں بنتی تھیں۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ نگراں حکومت کا کام الیکشن کرانا ہوتا ہے، نگراں حکومت وہ کام نہیں کر سکتی جو منتخب حکومت کا اختیار ہے، نگراں حکومت کے پاس جے آئی ٹی کی تشکیل کا اختیار ہی نہیں، ہمیں ڈرایا جا رہا ہے کہ الیکشن سے پیچھے ہٹ جائیں۔