سپریم کورٹ کا 14 مئی کا انتخابات کا فیصلہ واپس نہیں ہوگا: چیف جسٹس

اسلام آباد (مشرق نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا 14 مئی کا فیصلہ قائم ہے اور نہیں بدلے گا، سپریم کورٹ کے فیصلے کےخلاف درخواست نہیں آئی، وزارت دفاع کی درخواست مذاق لگی، ہم آج بھی سب کو سننے کیلئے تیار ہیں، کل بھی عید نہ ہوئی تو سن لیں گے، سپریم کورٹ کا 14 مئی کا انتخابات کا فیصلہ واپس نہیں ہوگا۔ عدالت نے سیاسی جماعتوں کو4 بجے تک مذاکرات کا وقت دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ سماعت کررہا ہے، بنچ میں جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے گزشتہ روز کی سماعت میں کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں انتخابات کی تاریخ بدلنا چاہتی ہیں تو عدالت ان کے ساتھ ہے، سیاسی جماعتیں ایک موقف پر آجائیں تو گنجائش نکال سکتے ہیں، سیاسی مذاکرات میں اتفاق ہوا تو ٹھیک ورنہ ہم 14مئی کا حکم دے چکے ہیں۔