لاہور(کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ کا 1947 سے 2001 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم ،تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کا1990 سے 2001 تک کا ریکارڈ پبلک کرنے کے فیصلے کےخلاف حکومتی اپیل پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی،ڈپٹی اٹارنی جنرل نصر احمد نے کہا 1947 سے 1990 تک توشہ خانہ ریکارڈ دستیاب نہیں ،عدالت نے کہا پہلے حکم پر عمل کیا جائے ،حکم پر مکمل طور پر قائم ہیں، کیسے ممکن ہے ریکارڈ نہیں رکھا یہ تو ریاست کا اثاثہ ہیں۔
ریکارڈ نہ ہونے کا سن کر دکھ ہوا،بات ہضم نہیں ہو رہی ،ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا حیرت بھی ہوئی تھی،2رکنی بنچ نے کہا راتوں رات بل منظور ہو جاتے ہیں اور جس کےلئے بل پاس ہونے چاہئیں وہ ہوتے ہی نہیں، آنے والی نسل کےلئے کیا چھوڑا، پہلی نسل نے پاکستان بنایا لیکن دوسری نسل نے کچھ نہیں کیا، بچوں کو کیا دینا ہے۔
عدالت نے کہا پوری قوم کا معاملہ ہے، 1947 سے 2001 تک کا توشہ خانہ ریکارڈ لیکر آئیں ورنہ تمام افسروں کو عدالت میں پیش ہونا پڑے گا، چاہے افسر ریٹائرڈ ہی ہو چکے ہوں،ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے حکومتی اپیل پر سماعت مئی کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔
تمام توشہ خانہ ریکارڈ لائیں ورنہ تمام افسروں کو پیش ہونا پڑےگا،لاہور ہائیکورٹ
















