قومی اسمبلی میں پنجاب الیکشن کے فنڈز کی تحریک کثرت رائے سے مسترد

اسلام آباد (مشرق نیوز) قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز جاری کرنے سے متعلق تحریک کثرت رائے سے مسترد کردی۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہونےوالے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کابینہ کی جانب سے ریفر کی گئی سمری بطور تحریک ایوان میں پیش کی۔ قائمہ کمیٹی نے قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈز جاری نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔ قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب روپے فنڈز کی ضمنی گرانٹ کی ڈیمانڈ مسترد کرتے ہوئے تحریک کو کثرت رائے سے مسترد کردیا۔ تحریک منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 12 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔