لاہور ہائیکورٹ: مقدمات کے اندراج کیخلاف عمران خان کی درخواست فل بنچ کو ارسال

لاہور (مشرق نیوز) لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی خود پر درج مقدمات کے اندراج کے خلاف درخواست فل بنچ کو ارسال کر دی گئی۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے 121 مقدمات کے اندراج کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی، اس سلسلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔ سماعت کے آغاز پر عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف نئے مقدمات درج ہو رہے ہیں، ریاست کی مشینری کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے،عمران خان کے خلاف 140 سے زائد مقدمات ہیں، عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ہے، پولیس کو عدالت میں آ کر بتانا چاہیے کہ کیا گرفتاری ضروری ہے۔ دریں اثنا عمران خان نے روسٹرم پر آکر عدالت سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’آخری بار آپ نے آپریشن روکا تھا لیکن پولیس نے گھر میں توڑ پھوڑ کر دی، مجھے انفارمیشن ہے کہ عید پر زمان پارک آپریشن دوبارہ ہوگا، مجھے خوف ہے وہاں خون ہوگا، میں اس لئے آپ کو کہہ رہا ہوں کہ عدالت پولیس آپریشن سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ علی زیدی کے ساتھ بھی ایسا ہوا اسے پکڑ لیا گیا، انہوں نے عید کی چھٹیوں میں آپریشن پلان کیا ہوا ہے، یہ الیکشن ہارنے سے ڈرے ہوئے ہیں یہ مجھے صرف جیل نہیں ڈالنا چاہ رہے یہ مجھے ختم کرنا چاہ رہے ہیں، پہلے بھی حملہ ہوا اور اللہ نے مجھے بچا لیا، پلیز آپ انہیں آپریشن کرنے سے روکیں۔