ایک کی ہی دن انتخابات کیلئے عید کے بعد اے پی سی بلانے کافیصلہ

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے،نمائندہ خصوصی،خبر نگار)سیاسی کشیدگی کے خاتمے میں بریک تھرو،مذاکرات کیلئے پی ٹی آئی کی 3رکنی کمیٹی قائم،ایک ہی دن انتخابات کیلئے عید کے بعد اے پی سی بلانے کافیصلہ ۔

ذرائع کے مطابق عید الفطر کے بعد ملک میں ایک ہی دن انتخابات کیلئے ون پوائنٹ ایجنڈے پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کافیصلہ کرلیا گیا،اے پی سی جماعت اسلامی کی قیادت میں ہوگی، کانفرنس میں عمران خان اور شہباز شریف کو بلانے کیلئے رابطے شروع کر دیئے گئے، آل پارٹیز کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا عام انتخابات کے ایک ہی دن انعقاد پر اتفاق رائے ہوگا۔

جماعت اسلامی نے کہا مختلف تاریخوں میں انتخابات ملک کے مفاد میں نہیں لہٰذاحکومت اور اپوزیشن الیکشن کیلئے ایک تاریخ پر اتفاق کریں، حکومت کو اکتوبر سے قبل ،تحریک انصاف کو مئی کے بعد الیکشن کیلئے رضامند کرنے کی کوشش کی جائے گی،اے پی سی سے قبل پی ٹی آئی،ن لیگ کے نامزد وفود سے جماعت اسلامی قیادت کے مذاکرات ہوں گے۔

ن لیگ نے سعد رفیق اورایاز صادق کو جماعت اسلامی سے معاملات آگے بڑھانے کیلئے گرین سگنل دےدیا جبکہ پی ٹی آئی نے بھی پرویز خٹک ، اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ،مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا،پی ٹی آئی کی 3رکنی کمیٹی ملک میں جاری سیاسی بحران پر جماعت اسلامی سے مذاکرات کرے گی۔