مریدکے (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے جب عدلیہ تقسیم ہوگی ،پارلیمنٹ کے ساتھ اختلاف ہوگا تو اس کا ذمہ دار کون ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی ملک ڈیفالٹ ہونے جارہا تھا ،لیکن آج مشکلات سے نکل چکے ہیں ،عمران خان کے ناراض کئے دوست ممالک مان گئے ہیں ،سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اورچین نے ہمیں پیسے دیئے ہیں ،عمران کی پالیسی ملک لے ڈوبی تھی ،چند ماہ میں معیشت بہتر ہوجائے گی ۔انہوں نے کہا ہر مسئلہ کا حل الیکشن نہیں ہوتا ،سپریم کورٹ جو نوے دن کا کہہ رہی ہے وہ گزر چکے ہیں،ہم چاہتے ہیں الیکشن ہوں مگر ایک ہی دن ہوں ۔انہوں نے کہا ہم مذاکرات سے کبھی نہیں بھاگے ،مذاکرات ایسے ہوں جو سب کو قابل قبول ہوں ۔انہوں نے کہا آئین کے مطابق فیصلوں کی بجائے ایسا لگ رہا ہے کسی کے مفاد اور خاص مقصد پر کام ہورہا ہے ،عدلیہ تقسیم ہے ،حکومت پارلیمنٹ الیکشن کمیشن سب کے اختیارات سپریم کورٹ لے رہی ہے ،یہ جوڈیشل مارشل لاءنہیں تو کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کی بات کرنے والے عمران خان کے بارے میں پہلے دن سے کہہ رہے ہیں یہ ملک و قوم کا دشمن ہے اور غیر ملکی قوتوں کا آلہ کار ہے ، اب یہ کس منہ سے دن رات امریکیوں کو مدد کیلئے پکار رہا ہے ،قوم کے سامنے اس کا چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نواز شریف کا گھر ہے وہ جلد وطن آرہے ہیں۔
حکومت، پارلیمنٹ، الیکشن کمیشن سب کے اختیارات سپریم کورٹ لے رہی ہے: رانا تنویر حسین
















