وزیراعظم کی لاہور برج منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں زیر تعمیر برج سائٹ کا تعمیراتی کام ایک ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے زیر تعمیر لاہور برج سائٹ کا دورہ کیا، ایل ڈی اے حکام اور دیگر افسران نے وزیراعظم کو بریفنگ دی، اس موقع پر نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی، چیف سیکرٹری سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے وزیراعظم کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوور ہیڈ برج کی لمبائی 540 میٹر اور چوڑائی 11.1 میٹر ہے، ایل ڈی اے کے اس منصوبے کا تخمینہ 1712 ملین ہے۔ وزیرِ اعظم نے سی بی ڈی منصوبے پر تھرڈ پارٹی تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی جلد تکمیل سے لوگوں کو سہولت میسر آئےگی۔ شہباز شریف نے منصوبے پر 24 گھنٹے کام کر کے دو ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ساری مشینیں لگائیں اور کام جلد مکمل کریں، مجھے اڑھائی ماہ کا ٹائم نہ بتائیں، عید کی چھٹیوں کے دوران مزدوروں کو 3 گنا اجرت دیں تو وہ خوشی سے کام کریں گے۔