کراچی،لاہور(بیورورپورٹ،خبر نگار) پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی گرفتار جبکہ سابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے علی زیدی کی گرفتاری لندن پلان کا حصہ ہے، تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر کو گزشتہ روز ہونےوالے مقدمے میں گرفتار کیا گیا،علی زیدی پر 17 کروڑ کے فراڈ کا الزام ہے، پی ٹی آئی رہنما کو ملیر انویسٹی گیشن اینڈ آپریشن نے گرفتار کیا ،تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہاسادہ لباس اہلکار پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ کے دفتر سے اپنے ساتھ لے گئے،فواد چودھری نے کہاعلی زیدی کو بغیر کسی وارنٹ کے پکڑا گیا۔
ادھر علی زیدی کی گرفتاری پر ردعمل میں عمران خان نے کہا سینئر قائدین میں سے ایک اور یعنی علی زیدی کی کراچی سے گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں، سب لندن پلان کا حصہ ہے ،عمران خان نے کہا 3 ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار، اغوا اور وحشت کا نشانہ بنایا جاچکا، پہلے علی امین گنڈا پور اور اب علی زیدی کو اٹھا لیا گیا ، پولیس کے ذریعے مزید غیرقانونی کارروائیوں سمیت 27 رمضان المبارک کے بعد یا عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک پر یلغار کے نئے منصوبے پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔
دوٹوک الفاظ میں واضح کر دوں حکمرانوں کے ہتھکنڈے کسی کام نہیں آئیں گے، سب حربوں سے محض عوام کا غصہ ہی بڑھ رہا ہے ،ناپاک لندن منصوبے کا خمیازہ انتخابات میں بھگت لیں گے،دریں اثنا زمان پارک میں افطار کے وقت کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا جب میچ ہار کی طرف ہو تو ٹیم کپتان کی طرف دیکھتی ہیں جب وہ گرا ٹیم ہار گئی، جب تک کسی ٹیم کا کپتان کھڑا رہتا ہے تو ٹیم لڑتی رہتی ہیں۔
عمران خان نے نام لیے بغیر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہاپہلی کہتی تھی لندن تو چھوڑو میری پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں اب 2سال بعد لندن میں اربوں کی پراپرٹی نکل آتی ایسے عمل سے لوگ عزت نہیں کرتے اب تو اور چیزیں بھی نکلتی آرہی ہیں۔
علی زیدی گرفتار،سب کچھ لندن پلان کاحصہ ہے،عمران خان


















