کالعدم ٹی ٹی پی کو دوبارہ آباد کرنا عمران کی حکمت عملی، اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل تھی،خواجہ آصف

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں حملوں کےلئے افغان سرزمین استعمال کر رہی ہے،طالبان کی واپسی کیخلاف عوام خود احتجاج کررہے ہیں،کالعدم ٹی ٹی پی کے رہنماوں کو پاکستان میں لاکر دوبارہ آباد کرنا عمران خان اور حکومت کی حکمت عملی ،اسٹیبلشمنٹ کی بھی حمایت حاصل تھی،قومی ڈائیلاگ ہوں تو سیاسی جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کے اثر سے نکل سکتی ہیں۔

عمران خان آج بھی اپنی رشتے داری ہمارے ساتھ نہیں اسٹیبلشمنٹ کےساتھ قائم کرنا چاہیں گے، امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویومیں خواجہ آصف نے کہا اسلام آباد کے افغان طالبان قیادت کےساتھ اچھے تعلقات ہیں تاہم وہ کالعدم تحریک ٹی ٹی پی کو پاکستان پر حملوں میں اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

ایک ماہ قبل انٹرسروسز انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس آئی) کے ہمراہ افغانستان کے دورے کے دوران معاملہ زیربحث آیا ،افغان طالبان نے نمٹنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا وہ دوحہ معاہدے کے تحت اپنی سرزمین کسی بھی ملک کےخلاف دہشتگردی کےلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے چونکہ افغان طالبان و کالعدم ٹی ٹی پی 20 برسوں تک نیٹو افواج کےخلاف مل کر لڑتے رہے اس لیے ان کے درمیان کامریڈی موجود ہے تاہم بظاہر محسوس ہوتا ہے افغان طالبان کالعدم ٹی ٹی پی سے فاصلہ اختیار کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کالعدم ٹی ٹی پی کے رہنماوں کو پاکستان میں لاکر دوبارہ آباد کرنا عمران خان ،حکومت کی حکمت عملی ،اسٹیبلشمنٹ کی بھی حمایت حاصل تھی لیکن کوشش ناکام ہو چکی۔