گندم کی ذخیرہ ،سمگلنگ کرنیوالوں پر کڑی نظر رکھی جائے:سیکرٹری لائیوسٹاک

ساہیوال(چوہدری اشرف سے)سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور کا ضلع ساہیوال کا تفصیلی دورہ، گندم خریداری سنٹرزپر اور مفت آٹا تقسیم مراکز کا معائنہ کیا اور گندم کی خرید کے لئے کاشتکاروں کو سہولیات کی دستیابی اور مفت آٹا فراہمی مراکز پر انتظامات کا جائزہ لیا، کاشتکاروں کو شفاف طریقے سے باردانہ تقسیم کیا جائے تاکہ گندم خریداری ہدف کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔

سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب مسعود انور نے گندم خریداری سنٹر قادرآباد اور غلہ منڈی ساہیوال کا دورہ کیا اور سنٹرز پر کاشتکاروں کی سہولت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ، اے سی ساہیوال عظمان چوہدری اور ڈی ایف سی رائے مشتاق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ گندم خریداری سنٹرز پر کاشتکاروں کے بیٹھنے اور پینے کے ٹھنڈے پانی کا مناسب بندوبست کیا جائے تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو شفاف طریقے سے باردانہ تقسیم کیا جائے اور ضلع میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور گندم دیگر اضلاع کواسمگلنگ کرنیوالوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے فی من گندم کے نرخ 3900 روپے مقرر کئے گئے ہیں اس لئے کاشتکار مڈل مین اور آڑھتیوں کے بجائے سرکاری سنٹرز پر گندم بیچ کر اپنی محنت کا پورا معاوضہ حاصل کریں۔

بعدازاں سیکرٹری لائیوسٹاک مسعود انور نے قائد اعظم اسٹیڈیم ساہیوال میں قائم مفت آٹا تقسیم سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید اور ڈپٹی کمشنر اکرام الحق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیشل رمضان پیکج کے تحت لوگوں کو مفت آٹا کی فراہمی حکومت کا سب سے بڑا ریلیف پیکج ہے جس سے براہ راست غریب اور مستحق افراد مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سنٹر پر مامور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ مستحقین میں مفت آٹے کی فراہمی کے سلسلہ میں اپنے فرائض محنت اور جانفشانی سے سر انجام دیں۔

انہوں نے پی آر سنٹر غلہ منڈی کا بھی دورہ کیا اور گندم خریداری کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا،دوسری جانب کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے گورنمنٹ کالج آف کامرس ساہیوال نیو کیمپس میں امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور میٹرک امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات کے شفاف انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانی مراکز پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور لائٹنگ کے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانات کے صاف شفاف انعقاد کے لئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کئے جائیں اور امتحانی مراکز پر غیر متعلقہ افراد کے داخلے کی پابندی پر سختی سے عملددرآمد کیا جائے۔