کلین ائیر پالیسی اور پنجاب پلاسٹک مینجمنٹ سٹریٹجی منظور

لاہور (خبر نگار،ایجوکیشن رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب انوائرمنٹ پروٹیکشن کونسل کا 7 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کلین ائیر پالیسی کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب کلین ائیر پالیسی کے تحت متعلقہ محکموں کے جامع ایکشن پلان کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، ماحولیات، لوکل گورنمنٹ، ہاﺅسنگ، اربن ڈویلپمنٹ، انرجی، لیبر و دیگرمتعلقہ محکموں کے ایکشن پلان کو منظور کیا گیا، متعلقہ محکمے پنجاب کلین ایئر پالیسی پر عملدرآمد کیلئے تفصیلی ورکنگ پلان تیار کریں گے، پنجاب حکومت عالمی بینک کے تعاون سے پنجاب کلین ایئر پالیسی اور ایکشن پلان پر عملدرآمد کرے گی، اجلاس میں پنجاب پلاسٹک مینجمنٹ سٹریٹجی کی بھی منظوری دی گئی، پلاسٹک کی ری سائیکلنگ اور ری یوز کے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔

پلاسٹک کی ری سائیکلنگ اور ری یوز کیلئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جائے گی ،مراعات بھی دی جائیں گی، متعلقہ محکموں کی استعدادکار بڑھائی جائے گی اور بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن روڈ ،لوئر مال کا دورہ کیا، صوبائی وزیر تعلیم منصور قادر اور سیکرٹری تعلیم بھی ہمراہ تھے،محسن نقوی نے سکولوں میں طلبا کیلئے تعلیمی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر کہاسنٹرل ماڈل سکول کا ماضی میں بڑا نام تھا،مختصر وقت میں سنٹرل ماڈل سکول کی عظمت رفتہ کو بحال کریں گے، سنٹرل ماڈل سکول کی شعبہ تعلیم میں اپنی منفرد تاریخ ہے، سکول کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے نصاب میں تبدیلیاں ضروری ہیں،تعلیمی نصاب کو جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہئے،سکول کا بورڈ آف گورنرز میٹنگ کرکے فوری اقدامات کرے، محسن نقوی مختلف کلاسوں میں گئے اور طلبا کےساتھ ملے اورتبادلہ خیال کیا۔