عمران خان کےساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،فضل الرحمن

لاہور(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)سربراہ جے یوآئی وپی ڈی ایم فضل الرحمن نے کہاعمران خان کےساتھ الیکشن کی تاریخ پر کسی قسم کے مذاکرات کا حصہ بنیں گے نہ ہی کوئی ڈائیلاگ ہوں گے، عمران خان کو 2018 میں انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے لایا گیا، 2018 میں ہونے والی دھاندلی پر سوموٹو کیوں نہیں لیا گیا؟۔

اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاسپریم کورٹ میں اہم مقدمہ زیر سماعت ہے، 9 رکنی بنچ میں سے 2 ججز نے مقدمے سے لاتعلقی کا اظہار کیا پھر 2ججز بنچ سے الگ ہو گئے، ججز کے علیحدہ ہونے سے قوم ابہام کا شکار ہوئی، مزید 2 ججز کے الگ ہونے سے بنچ3 ججز تک محدود ہو گیاایسی صورتحال پر سیاستدان، پارلیمنٹ اور عوام کیا رائے قائم کریں؟، الیکشن کا شیڈول دینا الیکشن کمیشن کا آئینی اختیار ہے، سوموٹو کیس 4-3سے مسترد ہو چکا ،دوبارہ سماعت کی کوئی حیثیت نہیں رہی۔

3 رکنی بنچ پرعدم اعتماد کرتے ہیں، عمران خان اداروں میں تقسیم چاہتے ہیں،اخلاقی طور پر چیف جسٹس اور 2ججز کو بھی مقدمے سے الگ ہو جانا چاہیے، ضد نہ کی جائے اور فریق بن کر فیصلہ نہ کیا جائے، ملک میںمردم شماری کا عمل جاری ہے، مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیاں ہوں گی۔

چیف جسٹس پنجاب، کے پی الیکشن کیس ہر صورت سننے پر بضد ہیں،ملک کو ایک رکھنے کیلئے انتخابات ایک ہی دن ہونے چاہئیں، سپریم کورٹ کوغیر جانبدار رہنے دیا جائے،دھاندلی کے 2 بڑے مجرم دندناتے پھر رہے ہیں، کوئی ازخودنوٹس نہیں لیاجارہا،چند ججز عمران خان کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔