ہائے غربت!کراچی میں راشن کی تقسیم کے دوران بھگدڑ،خواتین ،بچوں سمیت 11جاں بحق
کراچی(بیورورپورٹ)کراچی کے علاقے سائٹ ایریا نورس چورنگی پر ڈائنگ فیکٹری کی جانب سے راشن کی تقسیم کے دوران بھگڈر مچنے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے،ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونےوالوں میں 3 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں،عینی شاہدین نے کہا ہے زکوٰة کی رقم کی تقسیم کیلئے لوگوں کو فیکٹری میں بلایا گیا تھا،پولیس حکام نے کہا ہے بھگدڑ کے دوران کئی افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملی ہے، راشن کی تقسیم کے دوران لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی،اطلاعات کے مطابق راشن مقامی فیکٹری کی جانب سے مستحقین میں تقسیم کیا جا رہا تھا،پولیس کا کہنا ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق جس جگہ راشن تقسیم کیا جارہا تھا وہاں کرنٹ لگنے کی وجہ سے بھگدڑ مچی،پولیس کے مطابق بھگدڑ کے دوران قریبی نالے کی دیواربھی گرگئی، پولیس کے مطابق 15 زخمیوں کوسول اور عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا، عباسی شہید ہسپتال میں 9 لاشوں کو لایا گیا، سول ہسپتال میں 2 لاشوں کو لایا گیا،فیصل ایدھی کے مطابق عباسی شہید ہسپتال لائی گئی تمام لاشیں خواتین کی ہیں جن میں 3 بچیاں بھی ہیں،اس حوالے سے ایس ایس پی کیماڑی نے کہا ہے فیکٹری انتظامیہ نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو مفت راشن کی فراہمی سے آگاہ نہیں کیا تھا، راشن اور زکوٰة کی تقسیم کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی، فیکٹری منیجر سمیت 7 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے،ایس ایس پی کیماڑی نے کہا ہے فیکٹری انتظامیہ کے دیگرافراد کو بھی حراست میں لیا جائےگا، واقعے کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے راشن کی تقسیم میں بھگدڑ کے واقعے کا نوٹس لے لیا،گورنر سندھ نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور کمشنر کراچی سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔
















