حکومت سپیشل رمضان ریلیف پیکیج پر 53 ارب روپے خرچ کر رہی ہے :چیف سیکرٹری پنجاب

ساہیوال (چودھری اشرف سے) چیف سیکر ٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کروڑوں لوگوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سپیشل رمضان ریلیف پیکیج پر 53 ارب روپے خرچ کر رہی ہے جس سے صرف غریب لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹا پوائنٹس پر آنےوالے افراد کےلئے بیٹھنے کےلئے کرسیوں،پینے کے صاف پانی،سکیورٹی،لوگوں کی رہنمائی کےلئے کاوَنٹر، کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کےلئے طبی امداد کے مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات قائد اعظم سٹیڈیم میں مفت آٹا کی تقسیم کےلئے قائم سنٹر کے دورہ کے موقع پر کہی۔کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، ڈپٹی کمشنر اکرام الحق،آر پی او محبوب رشید،ڈی پی او فیصل شہزاد اور اے سی جنرل وقاص ظفر بھی ان کے ہمراہ تھے۔چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے سنٹر پر موجود مردوخواتین سے آٹا کی دستیابی بارے دریافت کیا اور ٹوکن بھی چیک کئے۔انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو رش سے بچانے کےلئے کاونٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور انکے شناختی کارڈ کی سکریننگ کر کے فوری آٹا کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ سنٹر پر آنے والوں کے ساتھ احسن طریقے سے پیش آیا جائے اور لوگوں کی رہنمائی کی جائے۔