اسلام آباد(بیورورپورٹ)فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست مسترد،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخ کرنے کےلئے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کر دی اور ضمانت کافیصلہ برقرا ررکھا۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق جہانگیری نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت منسوخی کےلئے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت کی،ایف آئی اے وکیل نے کہا عمران خان تاحال شامل تفتیش نہیں ہوئے، عبوری ضمانت منظورکیے جانے کا بینکنگ کورٹ کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے،عدالت نے استفسار کیا عمران خان پر کیس میں کیا الزام ہے؟ عمران خان یا تحریک انصاف تو رقوم وصول کرنے والے ہیں۔
پراسیکیوٹر نے کہا عمران خان نے انٹرویومیں کہاچیریٹی رقوم ہیں لیکن سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کی گئیں، انٹرویو پرکچھ دیگرسوالات پوچھنا چاہتے ہیں،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا سٹیٹ بینک نے کوئی نوٹس نہیں لیا توکیس ہی قابل سماعت نہیں، سٹیٹ بینک نے اپنا کام ہی نہیں کیا توآپ کیسے آگئے پراسیکیوٹ کرنے؟ سٹیٹ بینک کا اختیارہے انکوائری شروع کرتا یا پھر وفاقی حکومت، کل سٹیٹ بینک کہے ٹرانزیکشن ٹھیک تھی تو آپ کہاں کھڑے ہوں گے؟ کیا آپ نے سٹیٹ بینک کے کسی بندے کا بیان ریکارڈ کیا ؟۔
سٹیٹ بینک کا وہ خط دکھائیں جو آپ کو دوران تفتیش ملا ، آپ نے تفتیش میں سٹیٹ بینک کا بندہ شامل ہی نہیں کیا، کسی بینک اکاونٹ کا نام تبدیل کرنا کوئی جرم تو نہیں،عدالت نے کہا سارا کیس سٹیٹ بینک کی ریگولیشن میں آتا ہے، عمران خان کا طارق شفیع سے کیا تعلق ہے؟ عمران خان کون سا پیسے نکلواتے رہے ہیں؟ اکاونٹ کا دستخط کنندہ کون ہے؟ اکاونٹ تو تحریک انصاف کا ہے،پراسیکیوٹر نے کہا عمران خان پارٹی کے چیئرمین اور بینفشری ہیں۔
عدالت نے کہااکاونٹ تحریک انصاف کا ہے تو تحریک انصاف کی کمیٹی نے چلانا ہے، عمران خان بینفشری کیسے ہوگئے؟ رقوم اگرسیاسی جماعت کےلئے استعمال کی گئیں توذاتی مقاصد کیسے ہوگئے؟وہ کون سا گواہ ہے جوکہے گامیں نے جس مقصد کےلئے پیسے دئیے اس میں استعمال نہیں ہوئے اگرکسی ٹرانزیکشن کےخلاف ایس ٹی آر جنریٹ نہیں کی گئی تو پرقانون کیا ہوگا؟۔
فنڈنگ کیس میں عمران خان کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست مسترد

















