ایچ ای سی کے زیراہتمام آئین کی گولڈن جوبلی پر تقریری مقابلے

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی کے سکول آف کیمسٹری میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (ریجنل سنٹر لاہور) کے زیر اہتمام انٹر یونیورسٹی تقریری مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا، مقابلے میں پنجاب بھر کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء نے حصہ لیا اورمیرا آئین میری آزادیوں کی ضمانت کے موضوع پر اردو و انگریزی میں تقاریر کیں۔

پنجاب یونیورسٹی لا کالج کی پرنسپل شازیہ نورین قریشی مہمان خصوصی تھیں جبکہ چیئرمین شعبہ تاریخ پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین ،ایچ ای سی کے ڈائریکٹر غفور عامر نے بھی تقریب میں شرکت کی، طلبا نے آئین کی اہمیت ونمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی،مقررین نے ملک بھر کے عوام کو تمام حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے آئین کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، اردو تقریری مقابلے میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب (UCP) لاہور کے حزہ طاہر نے تیسری، UVAS سے اذہان صادق نے دوسری اورکمال احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

فیشن اینڈ ڈیزائن انسٹی ٹیوٹ لاہور کی زویا عدنان نے تیسری، راولپنڈی یونیورسٹی کے ملک اسامہ عباس نے دوسری اور لاہور کالج کے توصیف نے انگریزی مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی، ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر دانشوار ملک، سیدہ روزی رضوی، ڈاکٹر تیمور کیانی، ڈاکٹر عاطر رضوی، ڈاکٹر شبیر سرور اور اکمل سومرو مقابلے کے جج تھے،انگریزی اور اردو مقابلے کے ہر پینل میں تقریباً 50 طلبا نے حصہ لیا، آخر میں جیتنے والوں کو اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔