تحریک لبیک کے زیراہتمام جامعہ رضویہ کا سالانہ دستار فضیلت

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک لبیک و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام کرامت پیلس ہال میں جامعہ رضویہ کے سالانہ جلسہ دستار فضیلت کا انعقاد کیا گیا، جلسہ دستارِ فضیلت کا انتظام حضرت مفتی راشد علی رضوی نے کی اور اس کی صدارت حضرت پیر سید اختر حسین شاہ صاحب نے کی جبکہ ڈاکٹر میاں صغیر احمد کوٹلوی اور مفتی میاں محمد تنویر احمد کوٹلوی مہمان خصوصی تھے۔

تحریک لبیک کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: نبوت کے بعد شرف صحابیت کے ہم پلہ کوئی شرف نہیں، تمام کے تمام اصحاب رسول عادل ہیں، شرفِ صحابیت کی وجہ سے آج بھی امت مسلمہ پر حضرت امیر معاویہ کا احترام لازم ہے، اُمت مسلمہ کا کوئی فرد جو غیر صحابی ہو، کسی صحابی سے افضل نہیں ہو سکتا، شرفِ صحابیت کی تعظیم حقیقت میں رسول اللہ کی تعظیم ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حضرت سیدنا مولا علی حضرت امیر معاویہ سے افضل ہیں مگر حضرت سیدنا امیر معاویہ بھی صحابی رسول ہیں، حضرت سیدنا مولا علی اور حضرت امیر معاویہ دو ہستیوں سے محبت نسبت رسول کی وجہ سے ہے۔

ہم حضرت سیدنا علی المرتضیٰ اور حضرت امیر معاویہ دونوں ہستیوں کو ذاتِ مصطفی کی وساطت سے مانتے ہیں، حضرت امیر معاویہ سلطنت محمدیہ علیکے پہلے بادشاہ اور ملوک اسلام میں اول تھے، سیدنا امام حسن مجتبیٰ کی طرف سے جب حضرت امیر معاویہ کو خلافت تفویض کی گئی تو آپ امیر المومنین اور امام بر حق قرار پائے، امت مصطفی میں حضرت امیر معاویہ کا تذکرہ خاندان بنو امیہ کی وجہ سے نہیں، نسبت رسول کی وجہ سے کیا جاتا ہے، معاذ اللہ بغض مولا علی کی وجہ سے حضرت امیر معاویہ عنہ کا نعرہ لگانا ناصبیت ہے، شریعت مصطفی میں حضرت مولا علی اور حضرت امیر معاویہ کی محبت میں ٹکراونہیں کیونکہ ان دو حضرات کی محبت کا سبب ایک ہے اور وہ ذاتِ رسول ہے۔