لاہور(خبر نگار)وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے عدالتوں کو تاثر ختم کرنا چاہیے انصاف سب کےلئے ایک جیسا نہیں ،پی ٹی آئی قیادت کی سوچ نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے اور اگر میں نہیں تو کوئی نہیں سیاسی سوچ نہیںجو شخص بار بار بلانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوتا اس کے باوجود معزز عدالتوں نے ایک شخص کو غیر معمولی ریلیف دیا ، شام کو عدالتیں کھول کر 9کیسز میں بیک وقت ریلیف دیا گیا،ریاست کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہیے ۔
ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہا ماضی میں سیاستدانوں نے زیادتیوں کے باوجود عدالتوں و قانون کا سامنا کیا، سیاست ڈنڈے اٹھانے، پتھر مارنے، آنسو گیس اور حکومت پر حملہ آور ہونے کا سبق نہیں دیتی،اسلام آباد میں ناممکن مناظر دیکھنے کو ملے حالانکہ وہاں کوئی عمر قید یا قتل کے کیس کا فیصلہ نہیں ہونے جا رہا تھا، ایک شخص بضد ہے قانون کے سامنے سرنڈر نہیں کرنا جبکہ املاک، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
معزز عدالتوں نے شام کو عدالتیں کھول کر 8، 9 کیسوں میں بیک وقت ضمانتیں دیں، اعلیٰ عدلیہ سے توقع ہے اس طرح کی سہولتیں دیتے ہوئے سائل کا رویہ ضرور دیکھے وہ عدالت کے دروازے پر جا کر بھی کمرہ عدالت میں نہیں گئے،اعظم نذیر تارڑ نے سوال اٹھایا اسلام آباد میں شرپسندوں کو آنسو گیس کے شیلزکس نے فراہم کئے، نوگو ایریا کا سوال نگراں حکومت سے کیا جائے لیکن شہریوں کو انتہائی تکلیف تھی، خدارا اپنے نظام انصاف کا مذاق نہ اڑائیں۔
وزیر قانون نے کہاکون اجازت دے سکتا ہے عدالت کے احاطے میں گاڑیاں لے جائی جائیں، آپ اپنی مرضی سے عدالت کے سامنے پیش نہیں ہو سکتے، عدالت کا اپنا وقت ہوتا ہے، ریاست کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہیے، وہ ایسا ماحول کرنا چاہ رہے ہیں اگر میں نہیں تو کوئی بھی نہیں، کچھ ججز کے نام سوشل میڈیا پر کیوں زیر بحث ہیں کوئی تو وجہ ہو گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہاشرپسندوں کو ڈھال بنا کر قانون کی دھجیاں اڑائیں گئیں، پنجاب میں نگراں حکومت نے آئی جی اور چیف سیکرٹری کو لگایا،غیر جانبدار سیٹ اپ کو مجبور کر دیاانہوںنے ریاست کے اندر ریاست بننے کے عمل کو روکنے کی کوشش کی،نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہے اور عدالتوں پر حملہ آور ہونے کی کوشش نہیں کی جبکہ آصف زرداری نے بھی ایسا نہیں کیا، فسطائیت کبھی دائمی نہیں رہتی، عناصر کھلم کھلا بغاوت کی دعوت دے رہے ہیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے عمران خان کسی کو ہینڈسم لگ رہا ہے کیونکہ جب وہ گھر جاتے ہیں تو بچے کہتے ہیں بڑا ہینڈسم ہے،عمران خان کسی تاریخ پر عدالت نہیں آیا، صرف اس لیے ہورہا ہے توشہ خانہ کا جواب نہ دینا پڑے، رعایت ہر ملزم کو میسر نہیں ہوتی، صرف مخصوص لاڈلے کو میسر ہے، جتنے بھی مقدمات ہیں وہ اپنی مرضی سے عدالت آئے،جتھہ لے کر اندر گھس جائے،گاڑی پر اترے یا پیدل آئے اس کی مرضی ہے، جب انصاف کا معیار مختلف ہوگا تو قانون کی حکمرانی کیسے آئے گی۔
رٹ آف دی سٹیٹ بالکل چیلنج ہوئی ہے، طاقتور اور کمزور کیلئے الگ، الگ قانون ہے، ہم نے فرد جرم بھی لگوائیں، جیلوں میں گئے، مقدمات بھگتے، قائد مسلم لیگ (ن)نواز شریف پر روزانہ کی بنیاد پر نیب میں مقدمہ چلایا گیا، پاکستان کی تاریخ میں کوئی مقدمہ نہیں جو روزانہ کی بنیاد پر چلا ہو،کسی کو گرفتار کرنا بہت آسان ہے لیکن اگر کوئی جانی نقصان ہوجائے تو کون ذمہ دار ہوگا، ہم تو عمران خان کو کان سے پکڑ کے آدھے گھنٹے میں باہر نکال سکتے ہیں لیکن شہریوں کی جانیں قیمتی ہیں ،کسی قسم کا تشدد نہیں چاہتے۔
ایک سوال پر اعظم نذیر تارڑ نے کہا اسلام آباد پولیس وارنٹ کی تعمیل کےلئے آئی جبکہ لاہور پولیس نے بردباری دکھائی وہاں اندر گلگت بلتستان کی پولیس موجود تھی ،ریاست کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہیے ۔
خدارا اپنے نظام انصاف کا مذاق نہ اڑائیں،اعظم نذیر تارڑ

















