پنجاب علاقائی رسموں، رواج اور ثقافتی روایات کا امین ہے: گورنر بلیغ الرحمن

لاہور ( اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے گورنر ہاﺅس لاہور میں چاول کے بیج کے حوالے سے بنائی گئی رائس سیڈ سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں چاول کے بیج کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ چاول ملکی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ کثیر مقدار میں برآمد کر کے سالانہ اربوں روپے کا زرمبادلہ کمانے کا ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو چاول کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نئی منڈیوں کی تلاش پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے بیج کی کوالٹی بہتر بنانے کیلئے جدید ریسرچ کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں اعلی اقسام کے چاول کی پیداوار اور اس کی برآمدات کو مشترکہ کاوشوں سے فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ رائس سیڈ کمیٹی کی سفارشات پر صوبائی و وفاقی حکومت سے قواعد و ضوابط کو بہتر اور سہل بنانے کے علاوہ ملک میں چاول کا بیج تیار کرنے والے اداروں اور چاول برآمد کرنے والے تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کریں گے۔دریں اثناءگورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب علاقائی رسموں رواج اور ثقافتی روایات کا امین ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 مارچ(پنجاب ثقافت دیہاڑ)بھر پور طریقے سے منانے پر حکومت پنجاب مبارکباد کی مستحق ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تہذیب و ثقافت اپنی خوبصورتی کی وجہ سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مکین پوری دنیا میں مہمان نوازی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ و تمدن ہزاروں سال پر محیط ہے۔