اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 23 جنوری 2023ءکے پاور بریک ڈاون کی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی جس میں انسانی غفلت و بجلی کی ترسیل کے نظام میں موجود خرابیوں کو بنیادی وجوہات قرار دیا گیا۔ رپورٹ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کی گئی 4 رکنی انکوائری کمیٹی نے مرتب کی جس کی سربراہی وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کررہے تھے، رپورٹ میں نہ صرف واقعہ کی بنیادی وجوہات بیان کی گئیں بلکہ ذمہ داروں کی نشاندہی اور آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کےلئے تجاویز بھی دی گئیں۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ 23 جنوری 2023ءکو صبح ساڑھے 7 بجے سے بجلی کا بریک ڈاون پاور پلانٹس کے ٹرپ ہونے سے صرف 4 منٹ میں پورے ملک میں پھیلا ،بنیادی وجہ انسانی غفلت تھی جو رات کو بند کئے گئے اے سی (AC) سرکٹس کو صبح کے وقت سوئچ آن نہ کرنا تھی، جونہی ملک کے شمال میں بجلی کی طلب کو پورا کرنے کےلئے جنوبی علاقے میں ونڈ انرجی سے پیدا کی جانےوالی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی تو اے سی (AC) لائن کی فریکوئنسی غیر معمولی طور پر بڑھ گئی، فریکوئنسی میں یکدم اضافے سے مختلف پاور پلانٹس خودکار سکیورٹی سسٹم کے تحت ٹرپ کرگئے، پاور پلانٹس کو بلیک سٹارٹ سسٹم کے ذریعے ری سٹارٹ (Restart) ہونا تھا لیکن نظام کی ناکامی کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی بحالی میں خاصی تاخیر ہوئی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے بریک ڈاﺅن پر ایک بار پھر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کیپکو کے پاور پرچیز معاہدے کی بروقت تجدید کیوں نہیں کی گئی؟ سسٹم میں موجود خامیوں کی نشاندہی پہلے کیونکر نہ کی گئی؟ قوم منتظر ہے پاور بریک ڈاون کے ذمہ داروں کو سنگین لاپرواہی پر قرار واقعی سزا دی جائے، بجلی کے نظام کو SCADA سے منسلک کرنے کےلئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں، بجلی کی پیداوار و ترسیل کے نظام میں اصلاحات کیلئے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
بریک ڈاﺅن کے ذمہ داروں کا تعین،قرار واقعی سزا دی جائے،وزیراعظم


















