چیف جسٹس یا رجسٹرار کو بنچ تبدیل یا کمی کرنے کااختیار نہیں،جسٹس قاضی فائز،یحییٰ آفریدی کا تحریری حکم نامہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس یا رجسٹرار کو جج کا بنچ تبدیل یا کمی کرنے کااختیار نہیں،جسٹس قاضی فائز،یحییٰ آفریدی کا تحریری حکم نامہ،تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس یحییٰ آفریدی نے بنچ تشکیل کیس کا تحریری حکم جاری کردیا۔
تحریری حکم میں جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رائے کا احترام کرتا ہوں،2 رکنی بنچ نے فیصلے میں کہا بنچ کی تشکیل اور مقدمات کے تقرر میں شفافیت قائم کی جائے، عدالت کے وقار اور آزادی کیلئے شفافیت ضروری ہے،28 فروری کو جسٹس قاضی فائزعیسیٰ اور جسٹس حسن اظہر رضوی کے سامنے 11 مقدمات مقرر تھے، جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ تھا لیکن دونوں بینچز کو تبدیل کردیا گیا،بینچز کی اچانک دوبارہ تشکیل کے معاملے پر رجسٹرار کو طلب کیا گیا۔
رجسٹرار عشرت علی سے کہا گیا متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں، عدالتی بنچ نے رجسٹرار سے پوچھا تبدیلیاں کیوں کی گئیں؟ تو رجسٹرار نے کہاچیف جسٹس نے سٹاف افسر ارشاد کے ذریعے کہابنچ تبدیلی کا نوٹ بنایا جائے، نوٹ بناکر چیف جسٹس کو منظوری کیلئے بھجوایا،رجسٹرار نے روسٹر کا کاغذ پیش کیا صرف لکھاتھامنظوری کیلئے پیش کیاجاتاہے، رجسٹرار نے کہا چیف جسٹس کے انیشلز سے نوٹ کی منظوری دی گئی، دستاویزمیں بینچز تبدیل کرنے کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا 2وکلامولوی انوارالحق اور آفتاب عالم یاسر کی معاونت سے سپریم کورٹ رولزپڑھے گئے،سپریم کورٹ رولز کے تحت چیف جسٹس یا رجسٹرار کو اختیار نہیں جج کا بنچ تبدیل یا کمی کریں،عدالت فیصلہ دے چکی بینچز کی صوابدیدی ازسرنوتشکیل نظام عدل کی توقیرکم کرتی ہے، سپریم کورٹ رولزکہتے ہیں چیف جسٹس کے نامزدکردہ ججزمقدمہ سنیں گے، سپریم کورٹ رولزچیف جسٹس کولارجربنچ کو مقدمہ بھیجنے کا اختیار دیتے ہیں، رولز کے مطابق کسی بنچ کے ججز میں مساوی رائے آئے تو چیف جسٹس لارجر بنچ یاکسی اورجج کومقدمہ منتقل کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔