قاتلانہ حملہ: جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے، عمران خان
لاہور(خبر نگار)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کی جے آئی ٹی رپورٹ میں ردو بدل کیا جا رہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں اب بھی کوئی ابہام باقی ہے کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کا ذمہ دار کون تھا تو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں جمع کرائی جانے والی جے آئی ٹی رپورٹ کا حال دیکھ لے،چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس رپورٹ کے مندرجات میں جان بوجھ کر رد و بدل کے ذریعے اب جے آئی ٹی کی تحقیقات و نتائج پر پانی پھیرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ایک آزادانہ انکوائری کے بعد 4افسران کو شواہد تباہ کرنے کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل نے ان کیخلاف کارروائی کی سفارش کی مگر طاقتور قوتوں نے سید خرم علی کو کنونیئر بنوا کر ان چاروں افسران کو جے آئی ٹی میں شامل کرانے کیلئے پنجاب کی نگران حکومت سے جے آئی ٹی کی تشکیل نو کرائی ہے۔
















