ججز ہماری حدود میں داخل ہونگے تو ہم بھی سوال اٹھائینگے: خواجہ آصف
اسلام آباد(بیورورپورٹ)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب ججز ہماری حدود میں داخل ہونگے تو ہم بھی سوال اٹھائیں گے،قومی اسمبلی میں پالیسی بیان پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے سوموٹو کیس سے متعلق کچھ سوالات اٹھائے گئے ہیں، اس کے اثرات موجودہ حالات کے ساتھ مستقبل پر بھی منفی پڑ سکتے ہیں، پوری سپریم کورٹ بیٹھ کر اس مسئلے کا حل تلاش کرے، مختلف فریق سے پوچھے اور ایسا حل دے جو آنے والے وقت میں آب حیات ہو،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت ختم کر کے زیادتی کی گئی، میں اپنی حدود کراس کرنا نہیں چاہتا، میں تنقید نہیں کرنا چاہتا، اچھی بات یہ ہے کہ 9 رکنی بینچ بنایا گیا ہے، یہ فیصلہ 9 ججز نہیں بلکہ فل کورٹ کو سننا چاہیے، پوری کورٹ فریقین کو سن کر فیصلہ کرے، پوری قوم عدالتی فیصلوں سے متاثر ہوتی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ ایک شکایت رہتی ہے کہ پارلیمنٹیرینز ججز کا نام لے کر تنقید کرتے رہتے ہیں، کچھ ججز پر تنقید کی جاتی ہے تو کچھ پر کیوں نہیں ہوتی؟ جسٹس ثاقب اور جسٹس کھوسہ پرتنقید ہوتی ہے تو جسٹس ناصرالملک پرکیوں نہیں ہوتی؟ یہ سوال عدلیہ کے لیے ہے کہ آخر ایسا کیوں ہے؟دریں اثناءمسلم لیگ( ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ آئین پاکستان 20سال تک دستک دیتا رہا لیکن کسی نے اس کی نہ سنی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ آئین 1977سے 1988تک 11 سال دستک دیتا رہا، کسی نے نہ سنی، آئین 1999سے 2008تک 9برس دستک دیتا رہا اس وقت بھی کسی نے نہ سنی۔ان کا کہنا تھا آئین کو دھکے دے کر عدل گاہوں سے نکال دیا گیا، تب آئین کی دستک سننے کے بجائے آئین شکن کے ہاتھوں کو بوسہ دےکر بیعت کی گئی، آج یہ دستک اتنی متبرک کیسے ہو گئی۔
















