ہزارہ کمیونٹی کے لوگ بھی پاکستانی ،تفریقی رویہ کیوں؟جسٹس اطہر من اللہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ہیں کسی کی شہریت پر شک کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،ہزارہ کمیونٹی کے لوگ بھی پاکستانی ہیں ،تفریقی رویہ کیوں رکھا جارہا ہے، تفصیلات کے مطابق ہزارہ کمیونٹی پرلیے گئے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کیا ہزارہ کمیونٹی مطمئن ہے؟کیا خدشات کم ہوئے ؟
،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے کہا ہزارہ کمیونٹی کے خدشات کم ہوگئے ، حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں،دوران سماعت ہزارہ کمیونٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا ٹارگٹ کلنگ اور لاء اینڈ آرڈر میں بہت بہتری آئی ،نادرا ،پاسپورٹ آفس کی جانب سے غیر ضروری شرائط عائد کرنے سے کمیونٹی پریشان ہے،
پاسپورٹ بنانے کیلئے ایم این اے یا ایم پی اے سے دستخط کی شرط رکھی جاتی ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے ہزارہ کمیونٹی کے لوگ بھی پاکستانی ہیں،تفریقی رویہ کیوں رکھا جارہا ہے جس کے پاس بھی شناختی کارڈ ہے وہ پاکستانی ہے، ہزارہ کمیونٹی کے لوگوں کو ایسی شرائط لگا کر کیوں ہراساں کیا جا رہا ہے؟،
کسی کی شہریت پر شک کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،جسٹس اطہر من اللہ نے کہا حافظ حمد کا شناختی کارڈ افغانی کہہ کر منسوخ کردیا گیا جبکہ حافظ حمد کا بیٹا فوج میں تھا،پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ شہریت کا حق رکھتا ہے، شہریت قیمتی پیدائشی حق ہے، نادرا کیسے کسی کی شہریت چیک کر سکتا ہے؟۔
شہریت کا فیصلہ کرنا وفاقی حکومت کا حق ہے، نادرا کا نہیں، نادرا ایکٹ شہریت کا جائزہ لینے کا اختیار نہیں دیتا
،بعد ازاں سپریم کورٹ نے ہزارہ کمیونٹی کے علی رضا کی عدم بازیابی پر رپورٹس طلب کرتے ہوئے حکم دیا وزارت داخلہ ،وزارت دفاع علی رضا کی بازیابی نہ ہونے پر رپورٹس جمع کرائیں،سپریم کورٹ نے مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی۔