عمران خان ہائیکورٹ میں پیش،حفاظتی ضمانت منظور

لاہور(کورٹ رپورٹر)”کفر ٹوٹا خدا خدا کر کے“،عمران خان ہائیکورٹ میں پیش، حفاظتی ضمانت منظور،عدالت نے 3مارچ تک گرفتار کرنے سے رو کدیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی نے دستخطوں میں فرق پر معذرت کرلی،تفصیلات کے مطابق عمران خان کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ سنگ جانی میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں شہباز علی رضوی پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے سماعت کی،سابق وزیراعظم عمران خان کمرہ عدالت میں پہنچے ،وکیل کی جانب سے 2ہفتوں کی حفاظتی ضمانت استدعا پرعدالت نے عمران خان کو روسٹرم پر بلا لیا۔
عمران خان نے کہامیرے ایکسرے ہوئے ہیں، ٹانگ کافی حد تک ٹھیک ہوچکی لیکن ڈاکٹروں نے 2ہفتے آرام کامشورہ دیا28 فروری کو چیک اپ ہوگا،جسٹس علی باقر نجفی نے کہا عام طور پر 10 دن تک کی اجازت دی جاتی ہے،عمران خان نے مزید کہا میری پارٹی کا نام ہی انصاف کے نام پر ہے، ایک گھنٹے تک گاڑی میں بیٹھ کر عدالت پیش ہونے کےلئے انتظارکرتا رہا، عدالتوں کا مکمل احترام کرتا ہوں،عدالت نے عمران خان کی ایک ہفتے (3 مارچ) تک کےلئے حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور پولیس کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے عمران خان کو 3 مارچ تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔
اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں گاڑی میں موجود رہے اسی دوران حفاظتی ضمانت درخواست پر سماعت شروع ہوئی ،جسٹس علی باقر نجفی نے پوچھا درخواست گزار اس وقت کہاں ہے تو عمران خان کے وکیل نے کہا وہ احاطہ عدالت میں موجود ہیں تو جسٹس علی باقر نجفی نے کہا عدالت میں آنا ہوگا، عدالت میں درخواست گزار کو پیش ہونے سے کس نے روکا ،جسٹس علی باقر نجفی کے استفسار پر عمران خان کے وکیل نے کہاکسی نے روکا نہیں مگر سکیورٹی اہلکار تعاون نہیں کر رہے ۔
عدالت نے ایس پی سکیورٹی کو فوری طور پر عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دیا،عمران خان کے وکیل نے کہا مجھ سے آئی جی نے وعدہ کیاہے عمران خان کو 10 منٹ میں ہائیکورٹ پہنچا دیں گے لیکن افسوس سے کہنا چاہتا ہوں عمل نہیں ہوا، عدالتی تقدس کو بھی ملحوظ خاطر نہیں رکھا گیا،اس موقع پر عدالت نے عمران خان کو پیش نہ کرنے پر سکیورٹی افسر پر اظہار برہمی کیا اور پوچھا بتائیں کہاں ہیں درخواست گزار، سکیورٹی انچارج نے کہا کنٹرول روم سے چیک کیا ہے عمران خان گاڑی میں موجود ہیں،سکیورٹی انچارج نے کہا ایس پی سکیورٹی لینے گئے ہوئے ہیں لیکن جسٹس علی باقر نجفی نے کہا آپ خود جائیں اور لےکر آئیں۔
عمران خان کے وکیل اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا عمران خان عدالتی احکامات پر احاطہ عدالت میں موجود ہیں لیکن ایسی صورتحال میں عدالت پیش نہیں کر سکتے، پارٹی کے سینئر ترین رہنما کمرہ عدالت میں موجود ہیں اور کوئی اعلان نہیں کیا گیا عمران خان ہائیکورٹ میں پیش ہو رہے ہیںیہ لوگوں کا پیار کہہ لیں یا جنون کی اتنی تعداد میں پہنچ گئے ، عمران خان اگر ایسی صورتحال میں نکلتے ہیں تو ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ سکتی ہے،الیکشن سر پر ہیں، صدر نے اعلان کر دیا ،عدالت نے استفسار کیا کیا الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوگیا تو عمران خان کے وکیل نے جواب دیا جی صدر نے 9 اپریل کےلئے انتخابات کا اعلان کر دیا ،عمران خان کو اگر پولیس سکیورٹی میں لاسکتی ہے تو کوئی اعتراض نہیں۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا عمران خان کو کمرہ عدالت تک پہنچانا کوئی مشکل کام نہیں ،ایس پی سکیورٹی عدالت میں پیش ہوئے تو جسٹس علی باقر نجفی نے استفسار کیا بتائیں درخواست گزار کہاں ہیں،ایس پی سکیورٹی نے عدالت کو بتایا عمران خان جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت کے باہر موجود ہیں، جج نے پوچھا کیا وہ آنا نہیں چاہتے ہیں تو ایس پی سکیورٹی نے جواب دیا وکلا ءآنے نہیں دے رہے،جسٹس علی باقر نجفی نے کہا درخواست گزار کو پہلے عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا پڑے گا جس پر عمران خان کے وکلاءنے پیش کرنے کی یقین دہانی کرا ئی،عدالت نے عمران خان کے وکلا ءکی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت میں ساڑھے 7 بجے تک وقفہ کیا۔
پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ،سیکرٹری جنرل اسد عمر، شبلی فراز اور ایڈووکیٹ اظہر صدیق کمرہ عدالت سے روانہ ہوئے تاکہ عمران خان کو عدالتی حکم سے آگاہ کیا جائے گا،اس موقع پر عمران خان کے وکیل اظہر صدیق نے کہا کارکنوں کو ہدایت کی جائے گی راستا بنایا جائے تاکہ پیشی ممکن بنائی جاسکے،چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو زمان پارک کے گیٹ نمبر ون سے ہائیکورٹ لےجانے کیلئے راستہ کلیئر کرایا گیا، کارکنوں نے حصار بنا کر روانہ کیا، کینال روڈ پر تمام ٹریفک کو روک کر عمران خان کیلئے راستہ بنایا گیا، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی روانگی کے موقع پر لاہور ہائی کورٹ کے راستے پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے دوسری طرف لاہور ہائی کورٹ میں ہی حفاظتی ضمانت کےلئے ایک اور درخواست دی جس کو سماعت کےلئے مقرر کردیا گیا،عمران خان مقررہ وقت پر عدالت نہیں پہنچ سکے جس کے باعث اضافی وقت دیا گیا،جسٹس علی باقر نجفی کے عدالتی عملے نے عمران خان کے وکیل کو جج کی ہدایات پہنچا ئیں اور بتایا عمران خان کی درخواست پر سماعت کےلئے مزید 10 منٹ تک انتظار کیا جائے گا،عدالتی عملے نے عمران خان کے وکلاءکو بتایا 10 منٹ کے بعد جج صاحبان ہائی کورٹ سے روانہ ہوجائیں گے جس پر وکلا کی جانب سے عمران خان کی پیشی کی یقین دہانی کرائی۔
جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت سے حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں پہنچے جہاں کمرہ عدالت میں رش کی وجہ سے جسٹس طارق سلیم شیخ واپس چیمبر میں چلے گئے اور کہا کمرہ عدالت خالی کیے بغیر کیس کیسے سنوں گا،جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر سماعت شروع ہوئی تو عمران خان روسٹرم پر آ گئے،عدالت نے عمران خان سے پوچھاخان صاحب آپ کی درخواست پر دستخط تھے کیا وہ آپ کے تھے، عمران خان نے کہا درخواست میری مرضی کے بغیر دائر ہوئی تھی،عمران خان نے کہا مجھے جیسے ہی پتہ چلا میں نے اظہر صدیق کو درخواست واپس لینے کا کہا اور اس موقع پر عمران خان نے کمرہ عدالت میں معذرت کر لی،لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی جانب سے حفاظتی ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
قبل ازیںلاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے حفاظتی ضمانت درخواست اور وکالت نامے پر دستخط میں فرق کی وضاحت کےلئے عمران خان کو طلب کیا،کیس کی سماعت شروع ہوئی تو جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا 2 بجے کا وقت تھا،کہاں ہیں عمران خان؟وکلاءنے بتایا راستے میں ہیں،کچھ دیر میں پہنچ جائیں گے، سکیورٹی کا مسئلہ ہے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا سکیورٹی کا مسئلہ میں نے حل نہیں کرنا، سماعت کچھ دیرکےلئے ملتوی کر رہے ہیں، عدالت میں رش بھی کم کریں،سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو عمران خان کے وکیل نے کہاعمران خان کی حفاظتی ضمانت درخواست دستخط سے فائل نہیں ہوئی تھی،عدالت نے کہا اگر عمران خان نے درخواست دائر نہیں کی تو واپس کیسے لے سکتے ہیں؟ نہیں ہوتا سماعت تھوڑی تھوڑی دیر بعد ملتوی ہوتی رہے۔
وکیل عمران خان نے کہا آپ درخواست خارج کر دیں،عدالت نے کہا سماعت پھر بھی چلے گی، آپ کا رویہ معذرت خواہانہ ہونا چاہیے تھا، میں آپ کو اظہار وجوہ کا نوٹس دوں گا جواب تیارکرتے رہیں،وکیل خواجہ طارق رحیم نے حفاظتی ضمانت درخواست پر عمران خان کے دستخط نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا درخواست واپس لینا چاہتے ہیں،تاثر آرہا ہے عمران خان پیش نہیں ہونا چاہتے،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا میں عمران خان کو اظہار وجوہ کا نوٹس کرتا ہوں اور 3 ہفتے کی تاریخ ڈال دیتا ہوں،وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا عمران خان کل ہی آجاتے ہیں ،جملے پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔
عدالت نے کہا اتنی جلدی نہیں اب حکم لکھوانے دیں، آپ قانون کا مذاق اڑا رہے ہیں، عمران خان لیڈر ہیں، رول ماڈل ہیں، رول ماڈل ہی رہنا چاہیے،وکیل خواجہ طارق رحیم نے کہا 5 بجے عدالت آجاتے ہیں ،عمران خان کےلئے بھی اچھا ہے، عدالت نے کہا عدالت نے پہلے ہی بہت رعایت دی ،وکیل نے کہا 5 بجے عمران خان ادھر ہوں گے۔
عدالت نے سماعت میں ایک بار پھر وقفہ کرتے ہوئے عمران خان کو 5 بجے پیش ہونے کا آخری موقع دیا ،بعدازاں عمران خان سخت سکیورٹی حصار میں واپس زمان پارک چلے گئے جبکہ ہائیکورٹ روانگی سے قبل عمران خان نے کہاعدالتوں کا احترام کرتا ہوں، عدالت میں پیش ہو رہا ہوں، جیل بھرو تحریک سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، عدالت نے جب بھی بلایا ہمیشہ پیش ہوا، سکیورٹی فراہم کرنا حکومت و اداروں کی ذمہ داری ہے،انہوں نے مزید کہا ملک میں ظلم و ناانصافیاں ہو رہی ہیں عدالت کو اس کا بھی نوٹس لینا چاہیے، حق و سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔