ملکی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے: احسن اقبال

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، ڈیفالٹ کی حد تک پہنچنے والے ملک کو ہماری حکومت بہتری کی طرف لے کر جا رہی ہے، ملک اس وقت نامساعد حالات سے گزر رہا ہے ،پاکستان کو اس وقت خراب معاشی حالات کا سامنا ہے اور ہماری حکومت ملک کو ان حالات سے نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،2018ءمیں پاکستان میں سرمایہ کاری ہو رہی تھی جبکہ سی پیک کی وجہ سے پوری دنیا پاکستان کو اہمیت دے رہی تھی مگر پی ٹی آئی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ترقی کا عمل رک گیا ،خواجہ آصف نے جو ڈیفالٹ کے حوالے سے بات کی وہ ایک علامتی بات ہے، اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو ملک ڈیفالٹ کی آخری حد پر تھا اور یہ بات ہر ٹاک شو میں کی جا رہی تھی کہ پاکستان ایک ہفتے میں یا عنقریب دیوالیہ ہو جائے گا اور سری لنکا بن جائے گا مگر ایسا تو نہیں ہوا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں ایئر لنک کمپنی کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دوست ممالک ناراض ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کی غلط معاشی و اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری رک گئی۔ ملک کی معیشت کو بہتر کرنے کیلئے برآمدات کو فروغ دینا ہو گا،ملکی معیشت کی بہتری کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، ہمارے پاس بہترین،محنتی اور سکلڈ افرادی قوت موجود ہے جس کے ذریعے ہم اپنی معیشت کو دوبارہ اپنے پاﺅں پر کھڑا کر سکتے ہیں،ہمیں معیشت کی بہتری کیلئے بیرونی قرضوں سے جان چھڑانی ہو گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے، ملکی ترقی کیلئے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی بحران مستقل نہیں ہے ، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ایک سے دو سال کا عرصہ درکار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب میں نے دوبارہ چارج سنبھالا تو درآمدی بل کا حجم 80 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا اور اس امپورٹ بل نے پاکستان کے زرمبادلہ کے تمام ذخائر ختم کر دیئے، 2018 میں ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب روپے تھا مگر چار سال بعد دوبارہ آیا تو یہ صرف 550 ارب روپے رہ گیا اسی طرح ہماری حکومت آنے سے دس روز قبل یکم اپریل کو وزارت خزانہ نے بتایا کہ ہمارے پاس ترقیاتی پروگرام کے لئے آخری سہ ماہی کی قسط جاری کرنے کیلئے پیسے نہیں ہیں جس کا مطلب تھا کہ خزانہ خالی ہو چکا ہے جب ان حالات میں ہم نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو معیشت کے حالات اتنے نا ساز گار تھے کہ آج ہم معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے اہم اور سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اس آئی ایم ایف معاہدے کے تحت ہورہا ہے جو اس سے پہلی حکومت کر گئی تھی اور اب ہمارے پاس اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ ہمارے اٹھائے گئے اقدامات کے ثمرات جونہی آنا شروع ہوں تو سب سے پہلے بجٹ خسارے پر قابو پائیں گے تب سب دیکھیں گے کہ ہماری معیشت بھی انشااللہ بحال ہو گی اور زرمبادلہ کے ذخائر بھی بڑھیں گے جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر جیسے جیسے بڑھتے جائیں گے تو درآمدات پر عائد ٹیکسز اور لیویز میں سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ خواجہ آصف نے جو ڈیفالٹ کے حوالے سے بات کی ہے وہ ایک علامتی بات ہے، اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جب ہمیں اقتدار ملا تو ملک ڈیفالٹ کی آخری حد پر تھا اور یہ بات ہر ٹاک شو میں کی جا رہی تھی کہ پاکستان ایک ہفتے میں یا عنقریب دیوالیہ ہو جائے گا اور سری لنکا بن جائے گا مگر ایسا تو نہیں ہوا، اب ہم جو اقدامات اٹھا رہے ہیں ان کا مقصد ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا اور معیشت کو واپس پٹڑی پر لانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچائیں گے جیسا کہ ہم نے 2013 میں کیا تھا اور ہمارا ٹریک ریکارڈ ہے کہ وہ ملک جس میں 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی ،ہر روز خودکش حملے ہوتے تھے وہ ملک جس میں کوئی ایک ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار نہیں تھا ، وہاں پرہم نے سی پیک جیسا منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا اور ملک میں امن قائم کیا جبکہ ملک کو اندھیروںسے نکال کر روشنیوں میں بدلا، پہلے بھی ہم نے پاکستان کو معاشی لحاظ سے مستحکم کیا تھا اور اب بھی ملک کو بدل کر دکھائیں گے۔ اس وقت دنیا کہہ رہی تھی کہ پاکستان 2030 تک ٹاپ 20 معیشتوں میں شامل ہونے جا رہا ہے، ہمیں دنیا کی پانچ تیز ترین ابھرتی ہوئی معیشتوں میں قرار دیا جا رہا تھا جبکہ 2022 میں پانچ ڈوبتی ہوئی معیشتوں میں نام آ گیا جس کی ذمہ دار گزشتہ حکومت ہے۔