پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کےلئے مکمل پرعزم ہے: ریاض پیرزادہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان میں یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر لوئے شبانے نے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے گزشتہ روز وزارت انسانی حقوق، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ سیکرٹری انسانی حقوق علی رضا بھٹہ اور اعلیٰ افسران بھی اس اجلاس میں موجود تھے۔ انہوں نے آبادی کی منصوبہ بندی، معاشی ترقی پر اس کے اثرات، پاکستان میں صنفی مساوات، خواتین کے حقوق اور آبادی کی منصوبہ بندی اور ترقی کےلئے یو این ایف پی اے کے مینڈیٹ کے تحت تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری اور اس پر عملدرآمد کےلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ آبادی کی منصوبہ بندی میں ہم بہت پیچھے ہیں جو درحقیقت ملک میں وسائل کی قلت اور بہتر تخصیص کی کمی کی بڑی وجہ ہے۔ پاکستان آبادی کی بدانتظامی اور غیر متناسب اضافے کا شکار ملک ہے۔ اس موضوع پر مزید اقدامات، شعور، زیادہ فنڈز مختص کرنے اور قوانین کے مناسب نفاذ کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے ہم خاص طور پر غیر سرکاری اداروں سے زیادہ تعاون کے منتظر ہیں۔ منسٹر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیاں خاص طور پر انسانی حقوق کے شعبے میں پاکستان کےلئے بہت مددگار ثابت ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد آبادی کا کنٹرول صوبائی موضوع ہے لیکن وزارت انسانی حقوق خواتین اور بچوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں سے مسلسل نمٹ رہی ہے۔ مسٹر شبانے نے ذکر کیا کہ یو این ایف پی اے ایک فعال پاکستانی خاتون کی سرشار کوششوں سے ایک آزاد ایجنسی کے طور پر قائم ہوا تھا لیکن یہ بات مایوس کن ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے پر پاکستان کو عالمی سطح پر نیچے درجہ میں رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے آبادی کے انتظام کے شعبے میں فوکسڈ مطالعہ اور پالیسی کی تشکیل میں مزید تعاون کی پیش کش کی۔ سیکرٹری انسانی حقوق نے نمائندےکو آگاہ کیا کہ وزارت خواتین کے حقوق کے بارے میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے۔ ہم قومی اور بین الاقوامی دونوں فورمز پر باقاعدہ رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ آگاہی اور قوانین کے مناسب نافذ کرنے پر زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔ آخر میں، وزیر نے یو این ایف پی اے کی طرف سے نیک خواہشات اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایک ترقی پسند اور متحرک ملک ہے جہاں ہم بنیادی طور پر معیشت کے غیر رسمی شعبوں میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت کھتے ہیں۔ اعداد و شمار جمع کرنے کے قابل اعتماد طریقوں کے ذریعے اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مذید تعاون کے لئے عزم کا اعادہ کیا خاص طور پر آبادی کے کنٹرول اور انتظام کےلئے تحقیق اور مطالعہ میں۔