اسلام آباد (بیورورپورٹ) عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں امیر طبقے سے ٹیکس وصول کرنے اور سبسڈیز ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے جرمن ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے میں اچھا کمانے والوں کو اپنا حصہ ڈالنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں امیر لوگوں کو سبسڈیز سے مستفید نہیں ہونا چاہیے، سبسڈی صرف ان لوگوں کو منتقل کی جائے جنہیں واقعی اسکی ضرورت ہے۔ ایم ڈی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بالکل واضح ہے کہ صرف غریبوں کو سبسڈی سے فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے غریب عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے، پاکستان کو قرضوں کی ری سٹرکچرنگ نہیں بلکہ ملک چلانے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔کرسٹالینا جارجیوا نے مزید کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر دکھ ہوا، سیلاب سے پاکستان کی ایک تہائی آبادی متاثر ہوئی ہے۔مزید برآں کراچی کے سوا ملک کے تمام صارفین کیلئے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپیہ 17 پیسے اضافے کیلئے نیپرا میں درخواست دائر کر دی گئی۔سی پی پی اے نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی ہے۔ نیپرا کی جانب سے سی پی پی اے کی درخواست پر 28 فروری کو سماعت کی جائےگی،سی پی پی اے کی درخواست کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔
سبسڈی صرف غریب کا حق، پاکستان امیر طبقے سے ٹیکس وصول کرے: آئی ایم ایف

















